فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں راؤنڈ آف 16 کے اختتام کے بعد اب صرف 8 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کی دوڑ میں باقی رہ گئی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی 8 میں سے 7 ٹیمیں فیفا کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 20 میں شامل ہیں، جبکہ ناروے ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی سرپرائز ٹیم بن کر سامنے آئی ہے۔
مزید پڑھیں:ریڈ کارڈ سے صدارتی فون کال تک، فیفا ورلڈ کپ کا انوکھا تنازع

دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا، اسپین، فرانس، انگلینڈ، مراکش، بیلجیم، سوئٹزرلینڈ اور ناروے نے آخری 8 ٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔ ان میں ارجنٹینا عالمی رینکنگ میں پہلے، اسپین دوسرے، فرانس تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دنیا کی مضبوط ترین ٹیمیں ٹائٹل کے لیے آمنے سامنے ہیں۔
کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی دیگر ٹیموں کی عالمی رینکنگ میں مراکش 7ویں، بیلجیم 9یں، سوئٹزرلینڈ 19ویں اورحیران کن طور پر ناروے 31 ویں نمبر پر موجود ہے۔ ناروے نے برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر ایونٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا، جہاں ایرلنگ ہالینڈ نے دونوں گول اسکور کیے۔
These are the eight teams that reached the quarter finals:
🇦🇷 Argentina → FIFA Ranking: 1
🇪🇸 Spain → FIFA Ranking: 2
🇫🇷 France → FIFA Ranking: 3
🏴 England → FIFA Ranking: 4
🇲🇦 Morocco → FIFA Ranking: 7
🇧🇪 Belgium → FIFA Ranking: 9
🇨🇭 Switzerland → FIFA Ranking: 19
🇳🇴… pic.twitter.com/kX1y1ER1QM— World Insights (@World_Insights1) July 8, 2026
کوارٹر فائنل تک رسائی کے سفر میں مراکش نے کینیڈا کو 3-0 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ آخری 8 ٹیموں میں جگہ بنائی، جبکہ فرانس نے پیراگوئے کو 1-0 سے ہرا دیا۔ انگلینڈ نے میکسیکو کو 3-2 سے ہرایا، اسپین نے پرتگال کو 1-0 سے شکست دی، جبکہ بیلجیم نے امریکا کو 4-1 سے قابو کیا۔
دوسری جانب دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا نے مصر کے خلاف 2 گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے 3-2 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ سوئٹزرلینڈ نے کولمبیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔
مزید پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026 سے متعلق سمپسنز کی پیشگوئی غلط ثابت ہوگئی
اب تمام 8 ٹیمیں عالمی چیمپیئن بننے سے صرف 3 فتوحات کی دوری پر ہیں۔ کوارٹر فائنل میں فرانس کا مقابلہ مراکش، اسپین کا بیلجیم، ناروے کا انگلینڈ اور ارجنٹینا کا سوئٹزرلینڈ سے ہوگا، جبکہ ان مقابلوں کے فاتح سیمی فائنل میں آمنے سامنے آئیں گے۔

کوارٹر فائنل کا مکمل شیڈول (پاکستانی وقت)
فرانس بمقابلہ مراکش
تاریخ: 10 جولائی (جمعہ)
وقت: رات 1:00 بجے
مقام: بوسٹن اسٹیڈیم، میساچوسٹس
یہ مقابلہ سنہ 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ سیمی فائنل کی یاد تازہ کرے گا جہاں مراکش نے تاریخ رقم کی تھی۔ اس بار بھی اشرف حکیمی اور کیلیان ایمباپے کی دلچسپ ٹکر متوقع ہے۔
اسپین بمقابلہ بیلجیم
تاریخ: 11 جولائی (ہفتہ)
وقت: رات 12:00 بجے
مقام: لاس اینجلس اسٹیڈیم، کیلیفورنیا
اسپین کی مختصر پاسنگ پر مبنی فٹبال اور بیلجیم کے تیز رفتار جوابی حملوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ متوقع ہے۔
We can’t wait…🏆 pic.twitter.com/E64qjJ9KQV
— FIFA World Cup 2026 (@FIFAWC26Updates) July 8, 2026
ناروے بمقابلہ انگلینڈ
تاریخ: 12 جولائی (اتوار)
وقت: رات 2:00 بجے
مقام: میامی اسٹیڈیم، فلوریڈا
برازیل کے خلاف 2 گول کرنے والے ایرلنگ ہالینڈ انگلینڈ کے دفاع کے لیے سب سے بڑا امتحان ہوں گے، جبکہ ہیری کین اپنی ٹیم کی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔
ارجنٹینا بمقابلہ سوئٹزرلینڈ
تاریخ: 12 جولائی (اتوار)
وقت: صبح 6:00 بجے
مقام: کنساس سٹی اسٹیڈیم، میزوری
لیونل میسی کے ممکنہ آخری ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا سامنا مضبوط دفاعی ٹیم سوئٹزرلینڈ سے ہوگا جس نے کولمبیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: ارجنٹینا کی مصر کیخلاف جیت پر سوالات، متنازع وی اے آر فیصلے پر شدید تنقید
سیمی فائنلز
فرانس/مراکش کی فاتح ٹیم کا مقابلہ اسپین/بیلجیم کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
ناروے/انگلینڈ کی فاتح ٹیم ارجنٹینا/سوئٹزرلینڈ کی فاتح ٹیم کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل 14 اور 15 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 19 جولائی کو نیویارک، نیو جرسی میں ہوگا۔














