محکمہ فوڈ کے اسٹورز اور گوداموں پر چھاپے، امپورٹڈ ایکسپائرڈ سامان قبضے میں لے لیا گیا

جمعرات 9 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کی معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی سلمیٰ بٹ نے لاہور کے مختلف علاقوں میں ایکسپائرڈ اور جعلی مصنوعات فروخت کرنے والے گوداموں اور خفیہ پلانٹس پر چھاپے مار کر بڑی کارروائی کی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ گلبرگ لاہور میں امپورٹڈ ایکسپائرڈ چاکلیٹس، ویفرز، بسکٹس اور دیگر اشیاء کی ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرکے انہیں بڑے اسٹورز پر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے موقع پر موجود مالکان کو ڈانٹتے ہوئے کہا ’آپ ڈھیٹ بھی ہیں، پکڑے گئے ہیں، ایک تو چور ہیں، اوپر سے جھوٹے بھی ہیں۔‘ انہوں نے مالک کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ سامان بیلجیم سے امپورٹ کیا گیا تھا اور اس کی تاریخ مٹ گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جعلسازی سامنے آنے پر مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، تمام اشیاء تلف کر دی جائیں اور گودام کو سیل کر دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے لاہور میں ایکسپائرڈ چاکلیٹس اور بسکٹس نئے لیبل کے ساتھ فروخت ہونے لگے

دوران کارروائی ایک دلچسپ جعلسازی بھی سامنے آئی۔ پروڈکٹ کی بیرونی پیکنگ پر ایکسپائری فروری 2027 درج تھی، جبکہ اندر موجود پیکٹس پر مینوفیکچرنگ کی تاریخ 9-10-2026 اور ایکسپائری 2025 درج تھی۔ اس واضح جعلسازی پر سلمیٰ بٹ نے مالک کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔

ایک اور کارروائی میں ٹاؤن شپ لاہور میں امپورٹڈ پرنگلز چپس، جعلی نیوٹیلا چاکلیٹ اور بسکوف لوٹس بسکٹس کی ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرکے فروخت کرنے والا خفیہ پلانٹ پکڑا گیا۔ وہاں بھی بڑی تعداد میں اشیاء تلف کر دی گئیں، جبکہ مالک کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اسی طرح سندر اسٹیٹ لاہور کے ایک گودام کی چھان بین کے دوران بچوں کے کھانے والی کینڈیز، بسکٹس، جیلیز، چپس سمیت 77 مصنوعات کا 44 ٹن ایکسپائرڈ مال برآمد کیا گیا۔ یہ تمام اشیاء 2022 سے 2024 تک ایکسپائر ہو چکی تھیں، جنہیں نئے اسٹاک کے ساتھ ملا کر رکھا گیا تھا۔ گودام مینیجر نے اعتراف کیا کہ ایکسپائرڈ مال ڈیلرز خریدتے ہیں اور ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرکے فروخت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے ’چھوٹے دکانداروں کو تنگ کرنے کے بجائے اصل مافیا کو پکڑیں‘ پنجاب میں کارروائی پر لوگوں کا اعتراض

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سخت ہدایات پر صوبے کے شہریوں اور بچوں کے لیے محفوظ خوراک کو یقینی بنانا ان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اشیائے خورونوش کی ایکسپائری ڈیٹس ضرور چیک کریں اور مشکوک مصنوعات کی اطلاع فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp