گلگت بلتستان کی ترقی اولین ترجیح، وزیراعظم نے اسحاق ڈار کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی

جمعہ 10 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے خطے میں انفراسٹرکچر، توانائی، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ارکانِ اسمبلی کی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی، جس میں خطے کی ترقی، عوامی مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے حکومت کو عوام کی توقعات، مسائل اور ترجیحات سے براہ راست آگاہی حاصل ہوتی ہے، جبکہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر، مواصلات، توانائی، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے قدرتی وسائل، سیاحتی مقامات اور معدنی ذخائر کو مقامی معیشت کے فروغ کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور باوقار روزگار کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں 4 کیڈٹ کالجز کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور ان میں آئندہ سال سے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہو جائے گا، جبکہ 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز سے متعلق خطرات سے نمٹنے کے لیے گلگت بلتستان میں ارلی وارننگ سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ مقامی آبادی کو بروقت آگاہ کیا جا سکے اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی کے امجد حسین نے گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا

وزیراعظم نے وفاقی اور مقامی قیادت کے درمیان مؤثر رابطے کو عوامی مسائل کے حل، بہتر طرز حکمرانی اور شفافیت کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات حکومت کے لیے اہم ہیں اور ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی، جو ارکان اسمبلی کی قابلِ عمل تجاویز کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ بھی شامل ہوں گے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp