چین میں ایک ڈینٹل کلینک کو 63 سالہ شخص کے ساتھ مبینہ زیادتی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جہاں دانت کے درد کے علاج کے لیے جانے والے شخص کے باقی بچے ہوئے 12 دانت نکال دیے گئے اور اس کے اکاؤنٹس سے رقم بھی نکال لی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمال مغربی چین کے صوبہ شانشی کے شہر باؤجی سے تعلق رکھنے والے مسٹر لی گزشتہ سال ستمبر میں دانت کے درد کی شکایت پر داتوآن یوان ڈینٹل کلینک گئے تھے۔
مسٹر لی نے بتایا کہ وہ کلینک کے اشتہارات سے متاثر ہو کر وہاں گئے، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ‘صبح دانت لگوائیں اور دوپہر کو گوشت کھائیں’ اور ‘مکمل دانتوں کے ساتھ 100 سال سے زیادہ عمر پائیں’۔
یہ بھی پڑھیں: دولت مند مردوں سے شادی کے طریقے بتانے والی کروڑ پتی ’لو گرو‘
رپورٹ کے مطابق کلینک کے عملے نے انہیں گھر سے لینے کے لیے گاڑی بھیجی اور مفت معائنے کی پیشکش کی۔ تاہم علاج کے دوران ان کے 12 دانت نکال دیے گئے اور 10 مصنوعی دانتوں کے امپلانٹس لگا دیے گئے۔
مسٹر لی کا کہنا ہے کہ اس کے بعد کلینک نے ان کے بینک اکاؤنٹ اور ڈیجیٹل والیٹس سے 18 ہزار 800 یوآن (تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے) وصول کر لیے، جبکہ ان پر مزید 6 ہزار 200 یوآن (تقریباً 87 ہزار پاکستانی روپے) کا بل بھی ڈال دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ‘جب میرا بیٹا مجھے لینے آیا تو میرے منہ سے خون آ رہا تھا اور میرے پاس بس کے کرائے کے لیے صرف 30 یوآن بچے تھے۔’
خاندان کے مطابق مسٹر لی پہلے ہی کئی بیماریوں میں مبتلا تھے، جن میں دل کی بیماری، ہارٹ اٹیک، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر شامل ہیں۔ ان کے دل میں چار اسٹنٹ بھی لگے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ جرمنی میں لاگو ان دلچسپ و عجیب قوانین سے واقف ہیں؟
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ذیابیطس اور دیگر سنگین بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے دانتوں کے امپلانٹس کا علاج خصوصی احتیاط کا تقاضا کرتا ہے اور فوری طور پر کئی امپلانٹس لگانا خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔
مسٹر لی کے خاندان نے مقامی صحت حکام کو تین شکایات درج کرائیں۔ خاندان کا الزام ہے کہ کلینک نے نامکمل طبی ریکارڈ فراہم کیے، جبکہ بعض ریکارڈز میں غلطیاں بھی سامنے آئیں، حتیٰ کہ دستاویزات میں مسٹر لی کی جنس بھی ‘خاتون’ درج کی گئی۔
خاندان نے یہ بھی الزام لگایا کہ آپریشن کے چھ ماہ بعد انہیں دل کے معائنے کی رپورٹ فراہم کی گئی۔
حکام نے کارروائی کرتے ہوئے کلینک کو علاج کی فیس واپس کرنے کا حکم دیا اور مزید تحقیقات و اصلاحات تک کلینک کو بند کر دیا۔












