اداکارہ اور مصنفہ میرا سیٹھی نے اپنی طلاق کے تجربے پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر انسان کو اپنے فیصلوں، کامیابیوں اور غلطیوں کی ذمہ داری خود اٹھانی چاہیے۔ ان کے مطابق زندگی کے اس مرحلے نے انہیں 2 اہم سبق سکھائے، جنہوں نے ان کی شخصیت کو مزید پختہ بنایا۔
فیصلہ میرا تھا، ذمہ داری بھی میری ہے
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے میرا سیٹھی نے کہا کہ انہوں نے محبت اور اپنے نظریات کی بنیاد پر شادی کا فیصلہ کیا تھا، اس لیے وہ اس کی ذمہ داری بھی خود قبول کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ‘شادی میرا ذاتی فیصلہ تھا، اس پر میں کسی اور کو موردِ الزام نہیں ٹھہرا سکتی۔’
View this post on Instagram
میرا سیٹھی نے کہا کہ طلاق کے بعد انہیں سب سے بڑا سبق یہ ملا کہ انسان، خصوصاً خواتین، اپنے اندر کی آواز یا وجدان کو نظرانداز نہ کریں۔ ان کے مطابق اکثر لوگ خود ہی اپنے دل کی بات کو رد کر دیتے ہیں، حالانکہ وہی درست رہنمائی کرتی ہے۔
کسی کو خوش کرنے کے لیے خود کو نہ بدلیں
انہوں نے کہا کہ دوسرا اہم سبق یہ ہے کہ کسی مرد، شوہر، دوست یا باس کو خوش کرنے کے لیے اپنی شخصیت کو تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے بقول لوگ چاہتے ہیں کہ آپ ان کے مطابق ڈھل جائیں، لیکن طویل مدت میں یہ رویہ نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
طلاق ناکامی نہیں، سیکھنے کا تجربہ تھی
میرا سیٹھی نے کہا کہ وہ اپنی طلاق کو ناکامی نہیں سمجھتیں بلکہ یہ تجربہ انہیں زیادہ بالغ، باشعور اور اپنی اصل شخصیت کے قریب لے آیا۔ ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ وہ اس مرحلے سے آگے بڑھ چکی ہیں۔
والدین سے تعلق نے نئی شفا دی
اداکارہ نے اپنے بچپن کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہمیشہ خوابوں کی دنیا میں رہنے والی شخصیت تھیں۔ ان کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں والدین کے ساتھ کھل کر گفتگو اور دوبارہ ایک ہی گھر میں رہنے سے ان کے تعلقات میں گہرائی آئی اور انہیں جذباتی سکون ملا۔
View this post on Instagram
تحریر نے تنہائی سے نکلنے میں مدد دی
میرا سیٹھی نے اپنی کتاب ’آر یو انجوائنگ‘کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کہانیاں ہمیشہ ان کے لیے سہارا رہی ہیں کیونکہ ان میں آغاز، درمیانی حصہ اور اختتام ہوتا ہے۔ ان کے مطابق تنہائی اور الجھنوں پر لکھنے سے انہیں اپنے احساسات کو سمجھنے اور ان سے نکلنے میں مدد ملی۔
تخلیقی کام میں خود پر شک نہ کریں
انہوں نے کہا کہ تخلیقی عمل کے دوران ضرورت سے زیادہ سوچنے یا خود پر شک کرنے کے بجائے مسلسل کام کرتے رہنا چاہیے، کیونکہ کسی بھی بڑے کام کی مضبوط بنیاد ابتدا ہی میں رکھی جاتی ہے۔
کوئی بچانے نہیں آئے گا
گفتگو کے اختتام پر میرا سیٹھی نے کہا کہ زندگی کا سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ کوئی دوسرا انسان آپ کو بچانے نہیں آئے گا۔ ان کے مطابق ہر شخص اپنے فیصلوں، غلطیوں اور کامیابیوں کا خود ذمہ دار ہوتا ہے۔














