وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین میں انٹرنیشنل بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیٹا محض جمع کرنے کے لیے نہیں بلکہ اسے عملی اقدامات میں تبدیل کرکے شہریوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور انفرااسٹرکچر کے شعبے سے وابستہ اداروں کو پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی تعمیر میں شراکت داری کی دعوت بھی دی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 12 کروڑ 80 لاکھ آبادی ہے اور اس بڑے صوبے کی ضروریات نے ایک بنیادی اصول واضح کیا ہے کہ ڈیٹا اس وقت تک بے معنی ہے جب تک اسے عملی اقدام میں تبدیل نہ کیا جائے اور اس اقدام سے ہر شہری کی زندگی میں بہتری نہ آئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا چائنہ میں انٹرنیشنل بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو سے خطاب؛
اس سال کا مرکز، ڈیجیٹل معیشت کے ذریعے ڈیٹا اثاثوں کی قدر کو اجاگر کرنا آج کے دور کی اہم ضرورت ہے، جو مستقبل کے لیے بھی بہت اہم ثابت ہوگا۔ pic.twitter.com/9OD1lNfLDR
— 𝗨𝗦𝗠𝗔𝗡 𝗠𝗨𝗚𝗛𝗔𝗟 (@MughalZaada001) August 28, 2026
انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایک محفوظ، خودمختار اور ذہین ڈیجیٹل بنیاد قائم کر رہا ہے، جس کے مرکز میں ’ون اسٹیٹ شیئرڈ ڈیٹا انجن‘ اور ’ون میپ‘ شامل ہیں۔ ان نظاموں کے ذریعے 31 محکموں سے 12 ٹیرابائٹس سے زائد جغرافیائی ڈیٹا اور 6 ہزار سے زیادہ ڈیٹا سیٹس کو یکجا کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق یہ نظام جامد ریکارڈز کو متحرک ڈیجیٹل ماڈلز میں تبدیل کرے گا، جس سے شہری منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے کی نگرانی، وسائل کے بہتر استعمال اور ہنگامی حالات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کو بھی اس ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ حکومت مستحق اور کمزور خاندانوں کی زیادہ درست نشاندہی کرکے انہیں ہدفی سہولیات فراہم کرسکے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ مریم نواز کا سنکیانگ میں معروف چینی ڈیری کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ڈیٹا لنک، جدید ڈیٹا سینٹر، خودمختار کلاؤڈ، ڈیجیٹل شناخت اور باہم مربوط حکومتی نظام قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ مصنوعی ذہانت کو حکومتی فیصلہ سازی اور عمل درآمد کا حصہ بنانے کے لیے خصوصی اے آئی آفس بھی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز جیسے منصوبوں میں ڈیٹا اور اے آئی کے استعمال سے شہروں کو زیادہ محفوظ، ہنگامی ردعمل کو تیز اور حکومتی اقدامات کو زیادہ پیشگی اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر الگورتھم، ہر ڈیٹا بیس اندراج اور ڈیجیٹل نظام کے پیچھے ایک انسانی زندگی موجود ہے، اس لیے ڈیجیٹل ترقی کا اگلا مرحلہ صرف مزید ڈیٹا جمع کرنا نہیں بلکہ ڈیٹا کو قابلِ اعتماد، قابلِ منتقلی اور قابلِ عمل بنانا ہے۔
Chief Minister Punjab Maryam Nawaz addresses the ‘International Big Data Industry Expo’ in China#MaryamNawaz #Punjab #China #BigData #PakistanTV pic.twitter.com/mNOhKLiI0U
— Pakistan TV (@PakTVGlobal) August 28, 2026
انہوں نے پاکستان اور چین کی ’آل ویدر فرینڈ شپ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنے روایتی اور فزیکل کوریڈورز کے ساتھ ’ڈیٹا، جدت اور خیالات کا کوریڈور‘ بھی قائم کرسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے ماہرین کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی، کمپیوٹنگ، کلاؤڈ، کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر میں شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کا صرف صارف نہیں بلکہ اسے تخلیق کرنے میں شراکت دار بننا چاہیے۔ ان کے بقول ڈیٹا کو قابلِ اعتماد ’ڈیجیٹل ٹوکنز‘ میں تبدیل کرکے مواقع، خوشحالی اور بالآخر انسانی وقار کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔














