کینیڈا اور امریکا کے درمیان بڑھتی تجارتی کشیدگی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا پر مسلسل تنقید کے پس منظر میں اوٹاوا سٹی کونسل نے امریکی صدر کے نام سے منسوب ایک سڑک کا نام تبدیل کرنے کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔ مجوزہ نئے ناموں میں ’ٹیکو ایونیو‘ اور ’اوباما ایونیو‘ بھی شامل ہیں۔
اوٹاوا کے وسطی علاقے سینٹرل پارک میں واقع رہائشی سڑک ’ٹرمپ ایونیو‘ تقریباً 25 برس سے اسی نام سے موجود ہے۔ سٹی کونسل کے ارکان نے بدھ کو متفقہ طور پر اس کا نام تبدیل کرنے کے عمل کا پہلا مرحلہ شروع کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔
اوٹاوا کے کونسلر ٹم ٹیرنی کے مطابق سڑک کے لیے مختلف نام تجویز کیے گئے ہیں، جن میں ’اونٹاریو ایونیو‘، ’کینیڈا ایونیو‘، ’بیور ایونیو‘، ’گلف آف میکسیکو ایونیو‘، ’کینیڈا گوز ایونیو‘، ’پیلووسی ایونیو‘ اور ’اوباما ایونیو‘ شامل ہیں۔
A Canadian city council is considering renaming a street named after President Donald Trump – and among the contenders for a replacement are "Obama Avenue" and "Taco Avenue." https://t.co/SAQBHm4oCg pic.twitter.com/V3l6GDcj52
— CNN International (@cnni) August 28, 2026
ان تجاویز میں ’ٹیکو ایونیو‘ سب سے زیادہ توجہ حاصل کر رہا ہے۔ ’Taco‘ دراصل ’Trump Always Chickens Out‘ کا مخفف ہے، جس کا مفہوم ٹرمپ کے فیصلے سے پیچھے ہٹنے کی جانب طنزیہ اشارہ ہے۔
سڑک کا نام تبدیل کرنے کے لیے وہاں رہنے والے نصف سے زیادہ مکینوں کی حمایت درکار ہوگی، جس کے بعد نئے نام کے انتخاب کے لیے عوامی مشاورت کی جائے گی۔ تاہم اس عمل کے اوٹاوا کے اکتوبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے قبل آگے بڑھنے کا امکان نہیں۔
سڑک کا نام تبدیل کرنے کی اس سے قبل 2021 میں بھی کوشش کی گئی تھی، تاہم مکینوں کی رائے برابر تقسیم ہونے کے باعث یہ تجویز منظور نہ ہوسکی تھی۔ اس وقت 21 رہائشیوں نے نام تبدیل کرنے کی حمایت جبکہ 21 نے مخالفت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:لیک اونٹاریو یا لیک امریکا؟ کینیڈا نے ٹرمپ کا فیصلہ مسترد کردیا
ٹم ٹیرنی نے کہا کہ ناموں سے متعلق بحث کو کسی اور وقت کے لیے چھوڑا جا سکتا ہے، اس وقت اصل توجہ کینیڈا اور امریکا کے درمیان تجارت اور محصولات کے معاملات پر ہونی چاہیے۔
کینیڈا اور امریکا کے درمیان تجارتی کشیدگی میں حالیہ عرصے کے دوران اضافہ ہوا ہے، جبکہ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا پر تنقید بھی جاری ہے۔ اسی تناظر میں ٹرمپ نے جمعرات کو ایک صدارتی حکم نامے پر دستخط کیے، جس کے تحت امریکی حکومت کو اونٹاریو جھیل کے لیے ’لیک امریکا‘ کا نام استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔














