ایشین انڈر 18 والی بال چیمپیئن شپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، کرغیزستان کو 0-3 سے شکست

اتوار 12 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشین بوائز انڈر 18 والی بال چیمپیئن شپ 2026  میں پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے افتتاحی میچ میں کرغیزستان کو اسٹریٹ سیٹس میں 0-3 سے شکست دے دی ہے۔

 چین کے شہر ہائیکو میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم نے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی اور حریف ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

میچ کی صورتحال اور سیٹس کا اسکور

قومی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10-25، 19-25 اور 17-25 کے اسکور سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔

پہلے سیٹ میں گرین شرٹس نے مؤثر سروس، مضبوط بلاکنگ اور جارحانہ حملوں کے ذریعے کرغیزستان کو شدید دباؤ میں رکھا اور باآسانی 10-25 سے میدان مار لیا۔

یہ بھی پڑھیں:سینٹرل ایشین والی بال چیمپیئن شپ: پاکستان نے بھارتی ٹیم کو این او سی جاری کردیا

دوسرے سیٹ میں کرغیزستان نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے بہترین نظم و ضبط اور عمدہ ٹیم ورک کی بدولت یہ سیٹ بھی 19-25 سے اپنے نام کیا۔

تیسرے سیٹ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے دفاع اور اٹیک دونوں شعبوں میں برتری برقرار رکھتے ہوئے 17-25 سے کامیابی سمیٹ کر میچ 0-3 سے جیت لیا۔

نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی

پاکستان کی اس یکطرفہ جیت میں فہد علی، محمد انس، کپتان محمد عرفان، اسد اللہ اور فیضان اللہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔

میچ کے دوران فہد علی کی جارحانہ اٹیکنگ، محمد انس کی مؤثر بلاکنگ، کپتان محمد عرفان کی بہترین قائدانہ صلاحیت، اسد اللہ کے مضبوط دفاع اور فیضان اللہ کے شاندار حملوں نے حریف ٹیم کے پرخچے اڑا دیے۔

ہیڈ کوچ کا بیان اور آئندہ کے سخت مقابلے

پاکستان انڈر 18 ٹیم کے ہیڈ کوچ کفایت اللہ نے اس شاندار فتح پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز ہمیشہ ٹیم کا مورال بلند کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:ایشین انڈر 16 والی بال چیمپیئن شپ: پاکستان بھارت کو پچھاڑ کر فائنل میں پہنچ گیا

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے گیم پلان پر مؤثر انداز میں عمل کیا اور اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کیا، تاہم ہماری توجہ اب آئندہ کے میچوں پر مرکوز ہے کیونکہ قازقستان اور تھائی لینڈ مضبوط حریف ہیں اور ہمیں مزید سخت محنت کرنا ہوگی۔

پاکستان کے اگلے میچوں کا شیڈول

قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ 13 جولائی کو قازقستان کے خلاف کھیلے گی جبکہ تیسرا میچ 14 جولائی کو تھائی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے۔

یہ دونوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے شروع ہوں گے۔ کھیل کے مبصرین کا کہنا ہے کہ کرغیزستان کے خلاف اس بڑی جیت کے بعد قازقستان کے خلاف میچ میں بھی پاکستان کا پلہ بھاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وفاقی سرکاری اسپتالوں میں فوری فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم جاری

’آپ جیکولین سے حسد کرتی تھیں‘، سکیش چندر شیکھر کا نورا فتیحی کے نام خط وائرل

نیپال میں تباہی کا انتباہ 5 ماہ قبل کیا گیا، ہمالیائی گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے کا انکشاف

وزن نارمل ہونے کے باوجود دل کو خطرہ، کمر کا گھیر اہم علامت قرار

’ہمیں مدد کی ضرورت نہیں‘ سے ’غیرملکی مدد قبول‘، نیپال کا سیلاب پر مؤقف بدل گیا

ویڈیو

ٹرمپ کا وینزویلا سے ’تاریخ کا سب سے بڑا تیل معاہدہ‘، 65 ارب بیرل ذخائر پر امریکی کنٹرول اور پیٹرول سستا ہونے کا دعویٰ

پمز چلڈرن اسپتال یورپ و امریکا کے اسپتالوں سے بہتر بنا تھا، کام چلاؤ طریقوں نے یہاں تک پہنچایا، معروف آرکیٹیکٹ ہارون رشید

پمز سانحہ: ’ایک شخص کو ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے پورے ہیلتھ سسٹم کو دیکھنا ہوگا‘، پروفیسر ڈاکٹر خلیق الزمان

کالم / تجزیہ

ہم کیوں لکھتے ہیں؟

کیا امریکا ہر جنگ جیت سکتا ہے؟

جب فیصلے خوف کے تابع ہوجائیں