انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے صدر اور آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ حویلی کہوٹہ سے سابق امیدوار اسمبلی زاہد اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کا وکیل ہے، کسی بھی صورت آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
’وی نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم کا قیام دنیا بھر میں تحریکِ آزادی کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور عالمی سطح پر کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر احتجاج، بلاول بھٹو نے معاملے کے حل کے لیے ٹروتھ اینڈ مفاہمتی کمیشن کی تجویز دے دی
ان کا کہنا تھا کہ یہ فورم کسی سیاسی یا مالی مفاد کے لیے نہیں بلکہ صرف مظلوم اقوام، بالخصوص کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے لیے کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے اپنی قربانیوں سے موجودہ آزاد کشمیر کا علاقہ آزاد کرایا، جسے بیس کیمپ کا نام دیا گیا تاکہ یہاں سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کی جائے۔
مقبوضہ اور آزاد کشمیر کا موازنہ درست نہیں
زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ بعض حلقے آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا موازنہ کرتے ہیں، جو کسی صورت درست نہیں۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قریباً 85 لاکھ کشمیری بھارتی قبضے میں زندگی گزار رہے ہیں، جہاں 11 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے۔ وہاں نماز کے لیے مسجد جانے، تقریر کرنے، آزادی کی بات کرنے یا تعلیم کے حق کے لیے آواز اٹھانے پر گرفتاریوں اور قید و بند کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر ایک کھلی جیل کی مانند ہے، جبکہ آزاد کشمیر ایک آزاد خطہ ہے، جہاں اپنی حکومت، صدر، وزیراعظم، قانون، عدالتیں اور سپریم کورٹ موجود ہیں، اس لیے دونوں کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایسا موازنہ کرتے ہیں، ان کے مقاصد کچھ اور ہو سکتے ہیں۔
مہاجرین کشمیر کی نشستیں ختم کرنا بھارت کے مفاد میں ہوگا
مہاجرین جموں کشمیر کی آزاد کشمیر اسمبلی میں نشستوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ جو کشمیری مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کرکے پاکستان یا آزاد کشمیر میں آباد ہوئے وہ ایک مشن کے تحت یہاں آئے۔
مزید پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی غیرمعمولی سرگرمیاں، ایک اور فالس فلیگ آپریشن کے خدشات
انہوں نے کہاکہ اگر اقوام متحدہ مستقبل میں استصواب رائے کراتی ہے تو کشمیریوں کی رائے ووٹ کے ذریعے لی جائے گی۔ ایسے میں اگر مہاجرین کی نمائندگی ختم کر دی گئی تو کشمیری ووٹ بینک کمزور ہو جائے گا، جو دراصل بھارت کی خواہش ہے۔
زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ بھارت نے آرٹیکل 370 ختم کرکے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل جاری کرنے کا سلسلہ اسی مقصد کے لیے شروع کیا تاکہ اگر مستقبل میں دونوں جانب کے کشمیریوں سے رائے لی جائے تو آبادی کا تناسب تبدیل کیا جا سکے۔
پاکستان مخالف بیانیہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچاتا ہے
انہوں کہاکہ ایک طرف انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے آواز بلند کررہا ہے، جبکہ دوسری طرف یورپ، خصوصاً لندن اور بعض دیگر ممالک میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو ریاست پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کے خلاف سخت زبان استعمال کررہا ہے، جو کشمیر کاز کے لیے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب آپ اپنے ہی وکیل کے خلاف کھڑے ہو جائیں گے تو اس سے تحریک آزادی کشمیر کمزور ہوگی۔ ان کے مطابق یہ ایک خاص طبقہ ہے جسے اصل حقائق کا ادراک نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں لاپتا افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ، بھارتی پارلیمان میں پیش اعداد و شمار نے سوالات اٹھا دیے
زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ آزاد کشمیر میں عوام نے بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی، میرٹ پر ملازمتوں کی تقسیم، کرپشن کے خاتمے اور غیر ضروری مراعات ختم کرنے جیسے جائز مطالبات کے لیے احتجاج کیا، جسے عوامی حمایت بھی حاصل ہوئی، لیکن بعد میں اس تحریک کو ہائی جیک کر لیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ جس ملک میں آپ رہتے ہیں، جہاں سے آپ کو بجٹ، عزت، آزادی اور حکومت ملی ہے، اس کے خلاف زبان استعمال کرنا درست نہیں۔ اصل جدوجہد بھارت کے خلاف ہونی چاہیے، کیونکہ وہی کشمیریوں سمیت کروڑوں انسانوں کے حقوق سلب کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہاکہ جو لوگ پاکستان مخالف زبان استعمال کرتے ہیں، انہیں حقیقت کا علم نہیں۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کی نمائندگی اور وکالت کرتی ہے، اس لیے کشمیریوں کو اس کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد مزید مؤثر ہو سکے۔
انہوں نے کہاکہ جس جذبے اور عزم کے ساتھ وہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی بات کرتے آئے ہیں، اسی جذبے کے ساتھ آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رکھیں گے، جبکہ آزاد کشمیر کے اندر بھی حالات بہتر ہو جائیں گے۔
فیصل ممتاز راٹھور الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے
آزاد کشمیر میں 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ حلقہ حویلی کہوٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور فیصل ممتاز راٹھور بھاری اکثریت سے منتخب ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں آزادانہ انتخابات ہورہے ہیں اور فیصل ممتاز راٹھور نے بطور وزیراعظم اپنے مختصر دور حکومت میں ایسے ترقیاتی کام کیے جو گزشتہ 70 سے 75 برس میں نہیں ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کے قبضے کا ماڈل دہرا رہا ہے، آل پارٹیز حریت کانفرنس
زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ ان کے حلقے میں اس وقت کوئی ایسا امیدوار موجود نہیں جو عوامی مسائل کو اسی سطح پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کو ایسے رہنما کی ضرورت ہے جو کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو، تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں اور فیصل ممتاز راٹھور میں یہ صلاحیتیں موجود ہیں۔
سمال انڈسٹریز اور ون ویلیج ون پراڈکٹ منصوبہ
زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ آزاد کشمیر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سمال انڈسٹریز کا فروغ ناگزیر ہے، اسی مقصد کے لیے انہوں نے ایک این جی او قائم کی ہے اور ایک جامع منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر آج چین دنیا کی بڑی معاشی طاقت بن چکا ہے تو اس کی بنیادی وجہ سمال انڈسٹری اور ہوم انڈسٹری ہے، جہاں ہر شخص اپنے گھر میں کسی نہ کسی مصنوعات کی تیاری سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں حکومت کے پاس سرکاری اراضی موجود ہے، جس کا کوئی مؤثر استعمال نہیں ہو رہا۔ حکومت کو چاہیے کہ ایسی زمین ان افراد کو لیز پر فراہم کرے جو صنعتیں لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
’ون ویلیج ون پراڈکٹ‘ منصوبہ کیا ہے؟
زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ ان کا ادارہ ’ون ویلیج ون پراڈکٹ‘ منصوبے پر کام کررہا ہے، جس کا مقصد ہر گاؤں کی مخصوص مہارت کو صنعت سے جوڑنا ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ اگر کسی علاقے کے لوگ لکڑی کے کام میں مہارت رکھتے ہیں تو انہیں جدید مشینری فراہم کی جائے گی تاکہ وہ کم وقت میں زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر ایک کاریگر 6 دن میں ایک دروازہ تیار کرتا ہے تو جدید مشین کی مدد سے وہ ایک دن میں 6 دروازے بنا سکتا ہے، جس سے اس کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور اس کے ساتھ اس کا پورا خاندان خوشحال ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کے تحت مستحق افراد کو مشینیں مفت فراہم کی جائیں گی، تاہم وہ ان کی قیمت آسان اقساط میں اپنی آمدنی سے واپس کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ صرف مشین دینا کافی نہیں ہوگا بلکہ خام مال کی فراہمی، آرڈرز دلوانے اور تیار شدہ مصنوعات کی مارکیٹنگ کا نظام بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ کاریگر اپنی مصنوعات آسانی سے فروخت کر سکیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر کوئی مزدور روزانہ 5 ہزار روپے بھی کمانے لگے تو وہ ماہانہ ایک لاکھ سے زیادہ آمدنی حاصل کر سکتا ہے، جس سے نہ صرف اس کا خاندان بلکہ پورا معاشرہ خوشحال ہوگا۔
تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی
زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ اس منصوبے کی ایک شرط یہ بھی ہوگی کہ مستفید ہونے والے افراد اپنے بچوں کو تعلیم ضرور دلوائیں۔
انہوں نے کہاکہ تعلیم صرف اسکول کھول دینے سے عام نہیں ہوتی بلکہ غربت سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ایک امیر شخص اپنے بچے کو بیرون ملک تعلیم دلوا سکتا ہے جبکہ ایک غریب کا ذہین بچہ فیس، کتابیں، لباس اور کرائے کے اخراجات نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب غریب کا بچہ تعلیم حاصل نہیں کر سکے گا تو وہ بھی مزدوری پر مجبور ہوگا، اس لیے ضروری ہے کہ تعلیم ہر بچے تک پہنچے۔
انہوں نے کہاکہ جس قوم کے پاس تعلیم اور تربیت دونوں موجود ہوں، وہی قوم ترقی کرتی ہے، جبکہ تعلیم سے محروم قومیں کبھی آگے نہیں بڑھ سکتیں۔
معرکہ حق میں کامیابی قوتِ ایمانی کی بدولت ملی
پاک بھارت کشیدگی اور معرکہ حق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج نے ثابت کیا کہ اگر 313 افراد ایک ہزار پر غالب آ سکتے ہیں تو اس کی بنیاد قوتِ ایمانی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ معرکہ حق میں بھی پاکستانی افواج نے اسی جذبے کے ساتھ لڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی کے بعد فرانس کو بھی وضاحتیں دینا پڑیں کہ ان کے طیاروں میں کوئی خرابی نہیں تھی بلکہ مسئلہ پائلٹس کا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاز اپنی جگہ درست تھے لیکن پاکستانی افواج کے پاس قوتِ ایمانی تھی، جس کے باعث اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو کامیابی عطا کی اور عالمی سطح پر اس کا وقار بلند ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین
زاہد اقبال ہاشمی نے کہاکہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کا کریڈٹ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتیں دنیا بھر میں تنازعات میں مداخلت کرتی رہی ہیں، لیکن اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایسا مقام عطا کیا کہ ایران امریکا سمیت دیگر معاملات میں بھی پاکستان کا کردار نمایاں ہوا۔
انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان اور اس کی عسکری قیادت کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ملک کا عالمی وقار بلند ہوا۔
زاہد اقبال ہاشمی نے مزید کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر حافظ قرآن ہیں اور اللہ تعالیٰ نے انہیں قرآن پاک کی برکت سے کامیابیاں عطا کیں، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں پاکستان اور افواجِ پاکستان کا نام روشن ہوا۔













