وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنک سالٹ کی صنعت، روزگار اور برآمدات کے فروغ کے لیے انقلابی اقدام کرتے ہوئے چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فائنانسنگ اسکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کردیا۔
جبکہ قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیکر پنجاب اسمبلی کا پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل 2026 سے لاعلمی کا اظہار
افتتاحی تقریب میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مجوزہ پروسیسنگ زون میں 200 سے زائد صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے، جہاں تقریباً 150 ملین کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
جس سے 10 ہزار افراد کے لیے براہِ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سنٹر اور ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم" کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اہم اقدام کا مقصد سرمایہ کاروں کو جدید ترین سہولیات فراہم کرنا اور عالمی منڈی میں پاکستانی پنک سالٹ کی صنعت کو مضبوط بنانا ہے۔ pic.twitter.com/0LagNWef1h
— Ch Hamza Khalid (@Hamza_sgd) July 15, 2026
بریفنگ کے مطابق نئے سرمایہ کار پنک سالٹ کی پروسیسنگ، گرائنڈنگ، ریفائننگ، کلیننگ اور پیکجنگ کے لیے 50 لاکھ روپے سے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے حاصل کر سکیں گے، جبکہ قرض کی واپسی کی مدت 5 سال مقرر کی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن سے سالانہ 300 ملین ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے، مزید بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پنک سالٹ کی بولی 471 ملین روپے تک پہنچی۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، صوبائی اسمبلی کی کارروائی میں ہم آہنگی بڑھانے پر اتفاق
جبکہ دوسرے مرحلے میں اب تک ڈھائی ارب روپے کی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں۔ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میں لیز اور لائسنس کی نیلامی کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے بھی ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فائنانسنگ اسکیم سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ریونیو میں اضافہ ہوگا اور پنک سالٹ کی عالمی برآمدات کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پنک نمک کی پیکنگ، پروسیسنگ اور ڈیکوریشن مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا۔ ’پنک سالٹ پر اب ‘میڈ اِن پاکستان’ ہی لکھا جائے گا۔‘
مزید پڑھیں: 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان کی پوری دیانتداری سے حفاظت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پنجاب کو دنیا کے بہترین پنک سالٹ ذخائر سے نوازا ہے اور پاکستان کا پنک سالٹ اپنے منفرد معدنی اجزاء اور اعلیٰ معیار کے باعث دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ https://pinksalt.punjab.gov.pk پر آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔













