میسی کی شاندار قیادت، ارجنٹینا نے ڈرامائی فتح کے ساتھ فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لیا

جمعرات 16 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لیونل میسی کی شاندار کارکردگی کی بدولت ارجنٹینا نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

میچ کے بیشتر حصے میں انگلینڈ کو ایک گول کی برتری حاصل تھی، تاہم آخری 7 منٹ میں ارجنٹینا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے 2 گول اسکور کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود ارلنگ ہالینڈ کی منفرد شخصیت کی دھوم

پہلے فرنانڈیز نے 85ویں منٹ میں میسی کے پاس پر گول کرکے مقابلہ برابر کیا، جبکہ اضافی وقت کے دوسرے منٹ یعنی 92ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی لاوتارو مارٹینیز نے میسی کے شاندار کراس پر ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول کر دیا۔

اس فتح کے ساتھ فٹبال کی 2 روایتی حریف ٹیموں، ارجنٹینا اور انگلینڈ، کے درمیان ہونے والے تاریخی مقابلوں میں ایک اور یادگار باب کا اضافہ ہوگیا، جس میں ابتدا سے اختتام تک سنسنی، جذبات اور سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

انگلینڈ کی ٹیم 1966 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کی امید لگائے بیٹھی تھی، تاہم آخری لمحات میں شکست نے اس کا خواب چکناچور کر دیا، جبکہ ارجنٹینا نے ایک اور عالمی اعزاز جیتنے کی امید برقرار رکھی۔

انگلینڈ نے 55ویں منٹ میں برتری حاصل کی تھی، جب نکولس تاگلیافیکو کی کلیئرنس ڈیکلن رائس کے پاس پہنچی، جنہوں نے مورگن راجرز کو شاندار تھرو بال دی۔

راجرز کے کراس پر انتھونی گورڈن نے قریب سے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس پر انگلش کھلاڑیوں اور شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

تاہم گول کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دفاعی انداز اختیار کر گئی، جس کا فائدہ ارجنٹینا نے اٹھایا۔

مسلسل حملوں کے نتیجے میں 85ویں منٹ میں لیونل میسی نے باکس کے باہر موجود فرنانڈیز کو پاس دیا، جنہوں نے تقریباً 20 میٹر دور سے شاندار شاٹ لگا کر گیند گول کیپر جارڈن پِکفورڈ کے دائیں جانب جال میں پہنچا دی۔

81ویں منٹ میں میدان میں آنے والے لاوتارو مارٹینیز نے اضافی وقت کے آغاز میں فاتحانہ گول اسکور کیا۔

الیکسس میک ایلسٹر کی شاٹ پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آئی تو میسی نے گیند پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا، دائیں جانب سے عمدہ کراس دیا جس پر مارٹینیز نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔

مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی پچ کے ٹکڑے فروخت کرے گا، لاکھوں ڈالر آمدن کی توقع

39 سالہ لیونل میسی کے لیے یہ فتح خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اسے ان کے شاندار کیریئر میں ورلڈ کپ کا آخری ٹورنامنٹ تصور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے لیے یہ شکست انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی، کیونکہ ٹیم نے میچ کے بیشتر حصے میں ارجنٹینا کا بھرپور مقابلہ کیا، لیکن کوچ تھامس ٹوخیل کی ٹیم آخری لمحات میں ارجنٹینا کے مسلسل حملوں کا مقابلہ نہ کر سکی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp