سام سنگ کے صارفین نے آنے والے گیلیکسی ایس 27 الٹرا اسمارٹ فون میں سب سے بڑی تبدیلی کے طور پر بیٹری لائف بہتر بنانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایک حالیہ آن لائن سروے میں تقریباً 2 ہزار 400 افراد نے حصہ لیا، جن میں سے 58.3 فیصد صارفین نے کہا کہ وہ نئے فون میں بڑی بیٹری کو سب سے اہم اپ گریڈ سمجھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل آئی او کانفرنس کا آغاز، اے آئی اپ ڈیٹس سے لے کر اسمارٹ گلاسز تک کیا کچھ متعارف کروایا جاسکتا ہے؟
سام سنگ نے گیلیکسی ایس 20 الٹرا کے بعد سے الٹرا سیریز میں 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری برقرار رکھی ہوئی ہے، جبکہ دیگر بڑی کمپنیوں کے کئی اسمارٹ فونز 6 ہزار ایم اے ایچ سے زیادہ گنجائش والی بیٹریوں کے ساتھ مارکیٹ میں آچکے ہیں۔
گیلیکسی ایس 27 الٹرا کی بیٹری سے متعلق مختلف رپورٹس سامنے آئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں 7 ہزار ایم اے ایچ بیٹری کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اسے تقریباً 6 ہزار ایم اے ایچ تک محدود بتایا گیا، جبکہ حالیہ رپورٹس کے مطابق سام سنگ 5 ہزار 600 یا 5 ہزار 800 ایم اے ایچ بیٹری کے تجربات کررہا ہے۔
معروف تجزیہ کار آئس یونیورس نے ان دعوؤں پر اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کے قابلِ اعتماد شواہد موجود نہیں کہ گیلیکسی ایس 27 الٹرا میں بڑی بیٹری شامل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا پہلا ملٹی فولڈنگ اسمارٹ فون متعارف، قیمت کتنی ہے؟
رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی ایس ڈی آئی زیادہ گنجائش والی بیٹری سیلز تیار کر رہی ہو سکتی ہے، تاہم سام سنگ کے موبائل شعبے نے اس حوالے سے باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
اگر سام سنگ اپنے نئے فلیگ شپ فون میں 6 ہزار ایم اے ایچ سے کم بیٹری برقرار رکھتا ہے تو کئی صارفین اسے معمولی تبدیلی قرار دے سکتے ہیں، کیونکہ گزشتہ کئی سالوں سے بیٹری میں نمایاں اضافہ نہیں کیا گیا۔
ٹیکنالوجی کمپنیوں کے موازنے میں ایپل نے بیٹری کارکردگی کے میدان میں مضبوط پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ اگرچہ ایپل اور سام سنگ دونوں بڑی بیٹری کے بجائے سافٹ ویئر اور پروسیسر کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیتے ہیں، تاہم حالیہ بیٹری ٹیسٹس میں ایپل کو برتری حاصل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ نے ایپل کو ٹکر دینے کے لیے نیا ہیڈسیٹ لانچ کردیا، خصوصیات کیا ہیں؟
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق ایپل بھی آئی فون 18 پرو میکس میں بیٹری لائف بہتر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس میں قدرے بڑی بیٹری، اے 20 پرو چِپ اور آئی او ایس 27 کی بہتریاں شامل ہوں گی۔












