امریکی بحریہ کے قائم مقام سیکرٹری ہنگ کاؤ کا کہنا ہے کہ فلوریڈا کے ایک ساحل پر بحریہ کے جادوگر پائلٹوں ‘بلیو اینجلز’ کی جانب سے کی جانے والی غیر معمولی نچلی پرواز کا جائزہ لے لیا گیا ہے اور اس مہم میں کوئی تکنیکی یا تادیبی مسئلہ سامنے نہیں آیا، اس لیے کسی بھی پائلٹ کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی اور نہ ہی کسی کو عہدے سے برطرف کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر اس پرواز کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد قائم مقام سیکرٹری ہنگ کاؤ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ آزادی کی گونج ہے!
Blue Angels low pass in Pensacola was amazing!! pic.twitter.com/mjsX1NJp4N
— The Saint Fran Man (@SaintFranMan) July 15, 2026
اس پرواز کے دفاع میں امریکی سیکرٹری جنگ (نامزد وزیرِ دفاع) پیٹ ہیگستھ اور ڈونلڈ ٹرمپ کے دیگر قریبی اتحادی بھی سوشل میڈیا پر سامنے آ گئے۔ پیٹ ہیگستھ نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ نیچی پروازیں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک (فوجی جوانوں کا) حوصلہ مزید بلند نہیں ہو جاتا۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے بھی پرواز کے دوران طیارے کے ایک خطرناک کرتب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’محب وطنو! اپنا کام جاری رکھو۔‘
Carry on Patriots. pic.twitter.com/s79atyfgbh
— Sean Parnell (@SeanParnellASW) July 16, 2026
دوسری جانب، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صاحبزادے ایرک ٹرمپ نے روایتی میڈیا کے ردعمل پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے امریکی میڈیا نیٹ ورک ‘اے بی سی نیوز’ کی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’میں مرکزی دھارے کے روایتی میڈیا کے اس بناوٹی اور مصنوعی غصے کو برداشت نہیں کر سکتا۔ بلاشبہ یہ پرواز وہاں موجود لوگوں کے لیے پورے دن کا سب سے یادگار اور بہترین لمحہ تھا۔‘
واضح رہے کہ اے بی سی نیوز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بحریہ کے حکام نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ ‘بلیو اینجلز’ کی قیادت پرواز کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور حفاظتی پروٹوکولز کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔
‘بریک فاسٹ ود دی بلوز’ اور ریکارڈ ہجوم
یہ دلکش پرواز بدھ کی صبح سالانہ تقریب ’بریک فاسٹ ود دی بلوز‘ کا حصہ تھی، جو فلوریڈا میں ’ریڈ، وائٹ اینڈ بلوز ویک‘ کا باقاعدہ آغاز کرتی ہے۔ اس تقریب کا مقصد شائقین کو خلیجِ میکسیکو (گلف کوسٹ) کے اوپر امریکی بحریہ کے فلائٹ ڈیمونسٹریشن اسکواڈرن کی مشقیں دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ ‘WALA-TV’ کے مطابق، اس سال کی تقریب نے حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا ہجوم اکٹھا کیا۔ صبح 7 بجے ہی کیسینو بیچ اور کوائٹ واٹر کی پارکنگ گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہوں سے مکمل طور پر بھر چکی تھیں۔ ہزاروں لوگ ساحل سمندر پر قطاریں بنائے کھڑے تھے جہاں بلیو اینجلز نے اختتامِ ہفتہ پر ہونے والے مرکزی ایئر شو سے قبل لگ بھگ دو گھنٹے تک مشقیں کیں۔
گزشتہ کئی دہائیوں سے اس تقریب میں شرکت کرنے والی ایک مقامی خاتون برینڈا بینیٹ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں یہاں اتنا بڑا ہجوم کبھی نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا ’ میں یہاں 1997 سے آ رہی ہوں۔ یہ ایک چھپا ہوا خزانہ تھا لیکن لگتا ہے کہ اب یہ راز سب پر فاش ہو چکا ہے کیونکہ یہاں معمول سے کہیں زیادہ لوگ موجود ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب 2 بلیو اینجلز جیٹ طیارے انتہائی تیز رفتاری اور نچلی سطح سے پینساکولا بیچ کے اوپر سے گزرے تو ساحل پر موجود لوگوں نے تالیاں بجا کر اور شور مچا کر ان کا والہانہ استقبال کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پائلٹ صبح کے اس ایئر شو کو یادگار بنانا چاہتے تھے اور طیاروں کے اس حد تک قریب ہونے سے ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے ہم کاک پٹ میں پائلٹس کی وائرلیس پر گفتگو بھی سن سکتے ہوں۔













