سعودی عرب کے شہر طائف کے پہاڑی علاقے الہدیٰ میں قائم برڈ پارکس گرمیوں کے موسم میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ یہ پارکس تفریح کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے پرندوں سے متعلق معلومات اور ماحول دوست سیاحت کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ بن گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طائف کے خوبصورت پہاڑی علاقے الہدیٰ میں قائم برڈ پارکس گرمیوں کے دوران سیاحوں کی دلچسپی کا اہم مرکز بن گئے ہیں، جہاں تفریح اور تعلیم کو یکجا کرتے ہوئے مختلف اقسام کے مقامی اور غیر ملکی پرندوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
حدائق الطيور في الهدا تستقطب الزوار خلال موسم الصيفhttps://t.co/aQR3Q0tEVO#واس pic.twitter.com/GKWqjjlNDM
— واس جودة الحياة (@SPAqualitylife) July 17, 2026
پارکس میں پرندوں کی مختلف اقسام کو ان کے قدرتی ماحول سے ہم آہنگ خصوصی جگہوں پر رکھا گیا ہے، جہاں آنے والے افراد نہ صرف ان کا مشاہدہ اور فوٹوگرافی کر سکتے ہیں بلکہ انہیں خوراک بھی کھلا سکتے ہیں۔ پارکس میں معلوماتی بورڈز کے ذریعے پرندوں کی مختلف انواع، عادات اور خصوصیات سے بھی آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں 75 سال بعد منفرد فلکیاتی نظارہ دیکھنے کے لیے تیاریاں شروع
الہدیٰ کا معتدل موسم، سرسبز پہاڑی مناظر اور قدرتی ماحول ان پارکس کی کشش میں مزید اضافہ کرتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ مقام موسمِ گرما میں خاندانوں اور فطرت سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے پسندیدہ تفریحی مقام بن چکا ہے۔
Bird Parks in Al-Hada Attract Visitors During Summer Season.https://t.co/W2QYfVHSQz#SPAGOV pic.twitter.com/gQuz14tC9N
— SPAENG (@Spa_Eng) July 18, 2026
پرندوں کے شوقین افراد کا کہنا ہے کہ الہدیٰ کے برڈ پارکس محفوظ ماحول میں پرندوں کے ساتھ براہِ راست رابطے کا منفرد تجربہ فراہم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پرندوں کی متنوع اقسام، مختلف سرگرمیاں اور الہدیٰ کا دلکش محلِ وقوع ان پارکس میں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، جس سے ماحول دوست سیاحت (ایکو ٹورازم) کو بھی فروغ مل رہا ہے۔












