سیالکوٹ سے ورلڈکپ تک: پاکستان اب صرف فٹبال نہیں، فٹبالرز بھی دنیا کو دینا چاہتا ہے

ہفتہ 18 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کا نام ایک بار پھر نمایاں ہے، مگر اس مرتبہ صرف اس وجہ سے نہیں کہ ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی فٹبالیں سیالکوٹ میں تیار ہوتی ہیں، بلکہ اس لیے بھی کہ پاکستانی فٹبال اب عالمی سطح پر اپنی نئی شناخت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

اگرچہ پاکستان آج تک فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا، تاہم کئی دہائیوں سے ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی اعلیٰ معیار کی فٹبال سیالکوٹ کے ہنرمند کاریگر تیار کرتے آ رہے ہیں۔ اب ملک میں یہ امید جنم لے رہی ہے کہ مستقبل میں پاکستان صرف فٹبال بنانے والا نہیں بلکہ عالمی معیار کے فٹبالرز پیدا کرنے والا ملک بھی بن سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:میسی کے گول سے 45 برس بعد کھلنے والا سفارتخانہ

اس امید کو تقویت اس وقت ملی جب پاکستان نے جون 2026 میں مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میں افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر پاکستان نے 74 برس بعد کوئی بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے بعد فیفا رینکنگ میں بھی پاکستان کی پوزیشن بہتر ہوئی۔

یہ کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستانی فٹبال کئی برسوں سے انتظامی بحران کا شکار رہی۔ گزشتہ 9 برس کے دوران فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن میں انتظامی تنازعات کے باعث 3 مرتبہ پاکستان کی رکنیت معطل کی، جن میں 2021 کا بحران بھی شامل تھا جسے فیفا نے ’زبردستی قبضہ‘ قرار دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 2022 میں انگلینڈ کے سابق اسٹار فٹبالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر کی حیثیت سے پاکستان آئے اور کراچی میں بین الاقوامی معیار کا فٹبال اسٹیڈیم بنانے سمیت پیشہ ورانہ لیگ کے منصوبے کی حمایت کی۔ تاہم سیاسی عدم استحکام کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا، جسے 2024 میں دوبارہ متحرک کرنے کی کوشش کی گئی۔

پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ، پیرو کے سابق بین الاقوامی فٹبالر نولبرٹو سولانو کا کہنا ہے کہ حالیہ کامیابی نے پاکستانی کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھایا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو قومی ٹیم سے جوڑ کر مزید مضبوط ٹیم تیار کی جا سکتی ہے۔

پاکستان کی حالیہ کامیابی میں برطانیہ میں پرورش پانے والے کئی پاکستانی نژاد کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ان میں 18 سالہ اسٹرائیکر عمر نواز نمایاں رہے، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 2 گول کیے، جن میں افغانستان کے خلاف سیمی فائنل کا فیصلہ کن گول بھی شامل تھا۔

عمر نواز کی زندگی ایک المناک واقعے سے بھی جڑی ہے۔ ان کے بڑے بھائی حارث نواز 2014 میں پشاور آرمی پبلک اسکول پر دہشتگرد حملے میں شہید ہو گئے تھے، جبکہ ایک اور بھائی زخمی ہوا، جس کے بعد خاندان برطانیہ منتقل ہوگیا۔ عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔

اسی طرح برمنگھم میں پیدا ہونے والے بھائی عادل نبی اور راحس نبی، جو ویسٹ بروم وچ البیون کی اکیڈمی سے تربیت یافتہ ہیں، بھی قومی ٹیم کا حصہ بنے، جبکہ انگلینڈ میں پیدا ہونے والے مڈفیلڈر اوٹس خان نے بھی اپنی کارکردگی سے ٹیم کو مضبوط بنایا۔

مزید پڑھیں:فیفا فٹبال میں چھپی صدی کی کہانی

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی یہ کامیابی محض ایک ٹورنامنٹ جیتنے تک محدود نہیں، بلکہ اس نے ملک کے نوجوانوں میں یہ یقین پیدا کیا ہے کہ وہ بھی ایک دن عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔

نولبرٹو سولانو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ورلڈ کپ کھیلنے کا خواب ناممکن نہیں۔ ان کے الفاظ میں، ’امید برقرار رکھیں، مستقبل کے بارے میں کوئی یقین سے نہیں کہہ سکتا، مگر ہم قدم بہ قدم آگے بڑھ رہے ہیں‘۔

رپورٹ کے مطابق کئی دہائیوں تک دنیا پاکستان کو سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹبالوں کے ذریعے جانتی رہی، لیکن اب یہ ملک ایسے فٹبالرز پیدا کرنے کی راہ پر بھی گامزن ہے جو مستقبل میں خود ورلڈ کپ کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’ایس اینڈ پی‘ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، معاشی ماہرین کی رائے کیا ہے؟

آزاد کشمیر انتخابات: سیاسی سرگرمیاں عروج پر، ووٹرز میں بھرپور جوش و خروش

کوئٹہ کراچی شاہراہ پر بدامنی، ٹرین سروس کی غیر یقینی صورتحال، شہری مہنگے فضائی سفر پر مجبور

امیگریشن پالیسی 2026: غیر قانونی ہجرت کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ اور ہنرمند پاکستانیوں کے لیے نئے مواقع

وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر سیستان کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور امن کے فروغ پر اتفاق

ویڈیو

’ایس اینڈ پی‘ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، معاشی ماہرین کی رائے کیا ہے؟

آزاد کشمیر انتخابات: سیاسی سرگرمیاں عروج پر، ووٹرز میں بھرپور جوش و خروش

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کا دعویٰ، کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، حقیقت کیا ہے؟

کالم / تجزیہ

دو ہم سفر دو ہم عصر: منیر نیازی اور محمد سلیم الرحمان

ہوا دان، منگھ، بادگیر یا بادکش

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں