وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر سیستان کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور امن کے فروغ پر اتفاق

اتوار 26 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر منصور بجار نے ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، سرحدی تجارت، سرمایہ کاری، بارڈر مینجمنٹ، بارڈر مارکیٹس، علاقائی امن، سیکیورٹی تعاون اور معاشی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی حجم کو موجودہ قریباً 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف پر مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے آغاز میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر گورنر منصور بجار سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان، بالخصوص بلوچستان کے عوام اس دکھ کی گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزید پڑھیں: 3 روزہ دورہ مکمل،پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

گورنر سیستان نے اظہارِ یکجہتی پر حکومت اور بلوچستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینا ہے۔

گورنر منصور بجار نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ تجارتی حجم قریباً 3 ارب ڈالر ہے، تاہم مشترکہ کوششوں سے اسے 10 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحدی تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف اقتصادی ترقی ممکن ہوگی بلکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ حکومت بلوچستان بارٹر ٹریڈ کو فروغ دینے اور تجارتی حجم میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ ایران کے ساتھ قائم ابتدائی تین بارڈر مارکیٹس کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ مستقبل میں نئی بارڈر مارکیٹس کے قیام پر بھی کام کیا جائےگا تاکہ سرحدی علاقوں کے عوام کو روزگار اور تجارت کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہاکہ چاغی سے سکھر ریلوے ٹریک کی بہتری کا منصوبہ دونوں برادر ممالک کے لیے غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے، جس سے سامان کی ترسیل میں آسانی اور دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ حکومت ویسٹرن کوریڈور کے تحفظ اور مؤثر نگرانی کے لیے ایک علیحدہ سیکیورٹی ڈویژن قائم کررہی ہے، جس سے منرل کوریڈور کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی مزید تحفظ اور فروغ ملے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن ہی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کو اپنی سرزمین پر موجود نان اسٹیٹ ایکٹرز کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی تاکہ سرحد کے دونوں جانب آباد عوام امن، استحکام اور معاشی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

ملاقات میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت بلوچستان جدید سلاٹر ہاؤسز اور کولڈ اسٹوریج کی سہولیات قائم کررہی ہے اور اس شعبے میں ایرانی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دونوں صوبائی حکومتوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سرحدی تعاون، بنیادی ڈھانچے، زراعت، لائیو اسٹاک اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی، جسے گورنر سیستان نے سراہا۔

مزید پڑھیں: بارڈر پر دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر پاکستان ایران کا اتفاق

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان اور ایران کے تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، سرحدی تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو وسعت دی جائے گی اور مشترکہ امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ٹرمپ نے چوتھی بار صدارتی انتخاب لڑنے کی خواہش ظاہر کر دی، آئینی پابندیوں پر نئی بحث چھڑ گئی

روس کا یوکرین پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام، تفریحی کیمپ پر ڈرون حملے میں 12 ہلاکتیں

’ایس اینڈ پی‘ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، معاشی ماہرین کی رائے کیا ہے؟

آزاد کشمیر انتخابات: سیاسی سرگرمیاں عروج پر، ووٹرز میں بھرپور جوش و خروش

کوئٹہ کراچی شاہراہ پر بدامنی، ٹرین سروس کی غیر یقینی صورتحال، شہری مہنگے فضائی سفر پر مجبور

ویڈیو

روس کا یوکرین پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام، تفریحی کیمپ پر ڈرون حملے میں 12 ہلاکتیں

’ایس اینڈ پی‘ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، معاشی ماہرین کی رائے کیا ہے؟

آزاد کشمیر انتخابات: سیاسی سرگرمیاں عروج پر، ووٹرز میں بھرپور جوش و خروش

کالم / تجزیہ

دو ہم سفر دو ہم عصر: منیر نیازی اور محمد سلیم الرحمان

ہوا دان، منگھ، بادگیر یا بادکش

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں