انگلینڈ کے عظیم فٹبالر، سابق کپتان اور معروف کوچ کیون کیگن کینسر کے باعث 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے اہل خانہ نے پیر کے روز ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
کیون کیگن کو چند عرصہ قبل کینسر کی چوتھی اسٹیج کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے جنوری میں علاج بھی کروایا۔ اہل خانہ کے مطابق آخری وقت میں وہ اپنی اہلیہ اور بیٹیوں کے درمیان موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ڈی ایس ڈی سلوا 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
کیون کیگن کو اپنے دور کے بہترین فٹبالرز میں شمار کیا جاتا تھا۔ وہ ان چند انگلش کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے مشہور ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ دو مرتبہ جیتا۔
ان کے اہل خانہ نے بیان میں کہا کہ ’کیون کیگن 75 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئے، وہ ایک بہترین شوہر، والد اور دادا تھے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔‘
لیورپول اور انگلینڈ کے لیے شاندار خدمات
کیون کیگن نے اپنے شاندار کیریئر کا آغاز اسکنتھورپ یونائیٹڈ سے کیا، تاہم انہیں اصل شہرت لیورپول میں ملی جہاں انہوں نے چھ سال کے دوران انگلش فٹبال پر راج کیا۔
انہوں نے لیورپول کے ساتھ تین مرتبہ انگلش لیگ ٹائٹل، 1977 میں یورپی کپ اور 1974 میں ایف اے کپ جیتا۔
کیگن نے انگلینڈ کی قومی ٹیم کی جانب سے 63 میچز کھیلے اور 21 گول کیے۔
بعد ازاں وہ جرمن کلب ہیمبرگ منتقل ہوئے جہاں انہوں نے 1979 میں بنڈس لیگا ٹائٹل جیتا اور 1980 میں یورپی کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔
انہیں 1978 اور 1979 میں یورپ کا بہترین فٹبالر قرار دیا گیا۔
’مائٹی ماؤس‘ کے نام سے مشہور
کیون کیگن کو ان کی تیز رفتاری، جوش اور جارحانہ کھیل کے باعث ’مائٹی ماؤس‘ کے لقب سے جانا جاتا تھا۔
ہیمبرگ نے ان کے انتقال پر انہیں ’انگلش فٹبال کا آئیکون‘ قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔
بحیثیت کوچ بھی کامیاب
ریٹائرمنٹ کے بعد کیون کیگن نے کوچنگ کا آغاز کیا اور 1992 میں نیوکاسل یونائیٹڈ کے کوچ بنے۔ ان کی قیادت میں نیوکاسل نے 1993 میں پریمیئر لیگ میں واپسی کی اور ٹیم کو انگلش فٹبال کی مضبوط ٹیموں میں شامل کر دیا۔
1995-96 کے سیزن میں نیوکاسل ٹائٹل کے قریب پہنچا، تاہم مانچسٹر یونائیٹڈ سے پیچھے رہ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وینزویلا زلزلے سے فٹبالر لوکاس تریجو کا ہنستا کھیلتا خاندان اجڑ گیا، اہلیہ اور2 معصوم بچے جاں بحق
کیگن بعد میں انگلینڈ کی قومی ٹیم کے کوچ بھی بنے، تاہم 2000 میں جرمنی کے ہاتھوں شکست کے بعد انہوں نے عہدہ چھوڑ دیا۔
انہوں نے مانچسٹر سٹی کی بھی کوچنگ کی اور 2008 میں مختصر عرصے کے لیے دوبارہ نیوکاسل کے کوچ بنے۔
فٹبال دنیا کا خراج عقیدت
لیورپول، نیوکاسل اور مانچسٹر سٹی سمیت دنیا بھر کے فٹبال کلبوں نے کیون کیگن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
سابق انگلش اسٹرائیکر ایلن شیرر، جو کیگن کے زیرِ تربیت کھیل چکے تھے، نے جذباتی پیغام میں انہیں ’میرے ہیرو، میرے کوچ اور میرے دوست‘ قرار دیا۔
فٹبال دنیا میں کیون کیگن کو ایک ایسے کھلاڑی اور کوچ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے انگلش فٹبال پر گہرے اثرات چھوڑے۔














