بھارتی فلموں کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی ایک پراسرار پوسٹ نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا، جس میں انہوں نے اسپتال، سرجری اور انتہائی نگہداشت وارڈ کا ذکر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کامیابی کے باوجود امیتابھ بچن پریشان کیوں؟ اداکار کا چونکا دینے والا اعتراف
بھارتی میڈیا کے مطابق 83 سالہ اداکار نے اپنے ذاتی بلاگ پر ایک پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ اسپتال میں زیر علاج رہے، جہاں ان کی سرجری ہوئی اور انہیں ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی نگرانی میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا۔
امیتابھ بچن نے اپنی پوسٹ میں گھر واپسی کے بعد درپیش جسمانی، ذہنی اور عملی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ اسپتال سے واپسی کا مرحلہ زندگی کا مشکل ترین وقت ہوتا ہے، جب ایک کامیاب شخص کو بھی اچانک کمزوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ بہادری سے حالات کا مقابلہ کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ ماضی کی کامیابیوں کے سہارے زندگی گزارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
امیتابھ بچن کی اس پوسٹ کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: گزشتہ دنوں امیتابھ بچن کی واقعی سرجری ہوئی؟
مداحوں نے کمنٹس میں لکھا کہ ‘جلد صحت یاب ہوں سر’ جبکہ کچھ نے ان کی موجودہ طبی صورتحال کے بارے میں بھی سوالات کیے۔
امیتابھ بچن کا شمار بھارتی سنیما کے سب سے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے سات دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں 200 سے زائد فلموں میں کام کیا اور کئی یادگار کردار ادا کیے۔














