مودی کا خوف ختم، حکومت مخالف طلبہ تحریک کو بالی ووڈ کی بھرپور حمایت، سلمان خان، عالیہ بھٹ سمیت کئی فنکار میدان میں آگئے

جمعرات 23 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے دہلی میں سی جے پی (CJP) کی قیادت میں جاری طلبہ احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے واقعات نے انہیں گہرے دکھ میں مبتلا کیا تاہم طلبہ کے حوصلے اور عزم نے انہیں امید بھی دی ہے۔

عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ چند دنوں نے میرا دل بار بار توڑا لیکن ہر بار امید نے اسے پھر جوڑ دیا۔ اپنے حق پر ڈٹے ہر طالب علم کے پیچھے ایک خواب، ایک خاندان کی امید اور بے شمار قربانیوں کی داستان ہے۔ وہ صرف اپنی نمائندگی نہیں کر رہے بلکہ ان تمام لوگوں کی آواز ہیں جنہوں نے ان کا ساتھ دیا اور وہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر راستہ ہموار کر رہے ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by αlia bhatt 💛 (@aliaabhatt)

انہوں نے طلبہ کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے مزید لکھا کہ ان کی ہمت مجھے عاجز کر دیتی ہے۔ ان کا عزم ہم سب کے سامنے ایک آئینہ ہے جو یہ سوال اٹھاتا ہے کہ کیا ہم واقعی ان نوجوانوں کی آواز سن رہے ہیں جو کل اس ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے اور اس کا مستقبل تشکیل دیں گے۔ طلبہ کے لیے، طلبہ کے ذریعے، مستقبل انہی کا ہے۔

بالی ووڈ اداکار عمران خان نے بھی امتحان میں بے ضابطگیوں کے خلاف جاری طلبہ احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے ممبئی میں مظاہرین کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ طلبہ کی جدوجہد دراصل ملک کے مستقبل کی جنگ ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عمران خان کو طلبہ کے ساتھ مارچ کرتے، مداحوں سے ملاقات کرتے، سیلفیاں بنواتے اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں یہاں ان تمام طلبہ کی حمایت کے لیے آیا ہوں جنہوں نے سخت محنت کی لیکن ان کی محنت کو نظر انداز کر دیا گیا۔ یہ ہمارے ملک کے مستقبل کی جنگ ہے۔ آج مادرِ ہند کے تمام طلبہ یہاں موجود ہیں اور میں ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آیا ہوں۔

عالیہ بھٹ کے علاوہ سلمان خان راج کمار راؤ، پرکاش راج، نصیرالدین شاہ، انوپم کھیر، شبانہ اعظمی اور جاوید اختر سمیت کئی معروف فنکار بھی طلبہ کی حمایت میں اپنے بیانات جاری کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں مودی حکومت کے خلاف بڑھتا احتجاج، سلمان خان بھی شامل ہوگئے

 اداکارہ ہما قریشی اپنے بھائی ثاقب سلیم کے ہمراہ احتجاج میں شریک ہوئیں اور طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ گلوکار میکا سنگھ نے بھی طلبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں ہر شہری کو حکومت سے سوال کرنے اور اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کئی دنوں سے ان احتجاجوں کو دیکھ رہا ہوں۔ ہر بھارتی شہری کو اپنی بات کہنے اور اقتدار میں موجود افراد سے سوال کرنے کا جمہوری حق حاصل ہے۔ احتجاج کئی دن تک پُرامن رہا لیکن حالیہ پولیس کارروائی نے مجھے شدید صدمہ پہنچایا کیونکہ اپنے مستقبل کے لیے آواز اٹھانے والے بے گناہ طلبہ پر تشدد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت پر بالی ووڈ کا دباؤ بڑھنے لگا، بڑے فنکار احتجاجی تحریک کا حصہ بن گئے

میکا سنگھ نے مزید کہا کہ انہوں نے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو پولیس تشدد کا نشانہ بنتے دیکھا۔ ان کے بقول اگرچہ حکام کو مظاہروں میں بیرونی عناصر کی موجودگی کا خدشہ ہو سکتا ہے لیکن یہ طلبہ، خصوصاً طالبات پر تشدد کا جواز نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مطالبات پر بعد میں بحث ہو سکتی ہے مگر خواتین کو گھسیٹنا، انہیں مارنا اور پھر اس پر مسکرانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp