پاکستان اور برطانیہ نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور موجودہ علاقائی کشیدگی کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر آج برطانیہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: شبیر احمد کا معاملہ برطانیہ کا اندرونی مسئلہ، پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ایڈ ملی بینڈ کو ان کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے منیلا میں ملاقات
پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایڈ ملی بینڈ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، ترجمان دفتر خارجہ
برطانوی وزیر خارجہ نے برطانیہ… pic.twitter.com/Oz5XJUxv2R— PTV News (@PTVNewsOfficial) July 23, 2026
ملاقات کے دوران برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مثبت خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال، بالخصوص خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے حالیہ امریکا ایران کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر دونوں فریقوں نے خطے میں حالیہ کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسلسل مذاکرات، سفارت کاری اور تعمیری روابط ناگزیر ہیں۔













