عراق کی پاکستان کو اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کی پیشکش

منگل 28 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عراق کے قونصل جنرل ڈاکٹر ماہر مجاہد جیجان نے پاکستان اور عراق کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو جامع اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور دیا ہے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے عراقی سفارتکار نے کہا کہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو نمایاں طور پر فروغ دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: علی الزیدی کو عراق کا وزیراعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف کی مبارکباد، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

عراقی قونصل جنرل نے کراچی چیمبر پر زور دیا کہ وہ تاجروں کے وفود عراق بھیجے تاکہ پاکستانی کاروباری برادری وہاں ہونے والی معاشی اور بنیادی ڈھانچے کی غیرمعمولی ترقی کا خود مشاہدہ کر سکے اور سرمایہ کاری و تجارت کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں عراقی قونصل خانے کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے، تاہم موجودہ اقتصادی روابط اب بھی دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔

مزید پڑھیں: خطے کا بڑا توانائی منصوبہ، عراق اور اردن نے تعاون بڑھانے اور پائپ لائن جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا

ڈاکٹر ماہر مجاہد جیجان نے بتایا کہ کراچی سے عراق کو چاول، سمندری خوراک، پھل، غذائی مصنوعات اور ادویات کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو کراچی میں عراق کی سفارتی موجودگی کی بحالی کے بعد ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلوں اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے تجارت، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی خصوصاً مصنوعی ذہانت کے شعبے میں شراکت داری کو نئی وسعت ملے گی، جس سے پاکستان اور عراق کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp