پرتگال کے 41 سالہ فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ووگ میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال غالباً ان کے پیشہ ورانہ فٹ بال کیریئر کا آخری سال ہوگا۔
کلب اور قومی ٹیم کی جانب سے 950 سے زیادہ گولز اسکور کرنے والے عظیم فٹ بالر کے مطابق وہ کھیل کو ایک شاندار یادگار اور میراث (لیگیسی) چھوڑ کر خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کرسٹیانو رونالڈو کی خفیہ شادی، والدہ اور بہن بھائیوں کی عدم شرکت نے نئی بحث چھیڑ دی
ووگ میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ 25 سالہ کیریئر کی بے شمار قربانیوں کے بعد اب وہ اور ان کی اہلیہ اپنی محنت سے حاصل کردہ کامیابیوں کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فٹبال کے بعد کا مستقبل بالکل واضح ہے، چونکہ کھیل سے علیحدگی کے بعد ایک بڑا خلا پیدا ہو جائے گا، اس لیے وہ سیاحت اور پیڈل کھیل جیسی مختلف سرگرمیوں سے اپنے وقت کو مصروف رکھیں گے۔
رونالڈو نے منگل کے روز پرتگال کے سیاحتی مقام کاسکائس میں اپنی دیرینہ شریکِ حیات جارجینا روڈریگز کے ساتھ ایک سادہ تقریب میں شادی رچائی ہے۔
اس گرمیوں میں اپنے آخری ورلڈ کپ میں پرتگال کی قیادت کرنے کے بعد، اب وہ اپنے کلب ‘النصر’ کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
مزید پڑھیں:کرسٹیانو رونالڈو 900 گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے
کرسٹیانو رونالڈو کا شمار دنیا کے عظیم ترین اور کامیاب ترین فٹ بالرز میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنے 25 سالہ کیریئر کے دوران مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ، یووینٹس اور النصر جیسے نامور کلبز کی نمائندگی کرتے ہوئے بے شمار عالمی اعزازات جیتے۔
اس سے قبل بھی وہ جلد یا ایک سے 2 سال میں ریٹائرمنٹ لینے کے اشارے دیتے رہے ہیں، تاہم اب ان کا یہ اعتراف ان کے لازوال کیریئر کے اختتام کا واضح پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے۔













