سید محمد احمد کے الزامات کے بعد فہد شیخ نے خاموشی توڑ دی، ویڈیو لیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ

جمعرات 30 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینئر اداکار اور مصنف سید محمد احمد کی جانب سے شوٹنگ کے دوران ایک نوجوان اداکار کے نامناسب رویے سے متعلق کیے گئے انکشاف کے بعد اداکار فہد شیخ نے پہلی بار اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو کو غلط تناظر میں پیش کیا گیا۔

فہد شیخ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ زیرِ گردش ویڈیو دراصل شوٹنگ کے دوران کاسٹ کے درمیان ہونے والے دوستانہ ماحول کا حصہ تھی کیونکہ تمام فنکار ایک خاندان کی طرح تھے۔ ان کے مطابق ویڈیو میں دکھائی جانے والی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا جس کے باعث غلط تاثر پیدا ہوا۔

اداکار نے کہا کہ وہ سید محمد احمد سے پہلے بھی معذرت کر چکے ہیں اور اگر سینئر اداکار چاہیں تو وہ عوامی سطح پر بھی دوبارہ معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔

فہد شیخ نے اس موقع پر سیٹ سے ویڈیو لیک کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی نوعیت کی ویڈیو کو بغیر اجازت سوشل میڈیا پر شیئر کرنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے اور اس معاملے پر قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سید محمد احمد نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ایک نوجوان مرکزی اداکار نے شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔

 بعد ازاں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات میں اس واقعے کو فہد شیخ سے جوڑا گیا جس کے بعد اداکار کو شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ڈرامے اے آئی سے لکھے جا رہے ہیں، سید محمد احمد کا چونکا دینے والا انکشاف

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے فہد شیخ کے بیان پر مختلف آراء کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کی بات کرنے کے بجائے انہیں اپنے رویے پر واضح اور غیر مشروط معذرت کرنی چاہیے جبکہ بعض افراد نے ان کے مؤقف کو بھی سامنے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp