پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ نئے متعارف کرائے گئے 4 ٹیموں پر مشتمل نیشنل چیمپیئنز کپ سے پاکستان کی 2027 آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مضبوط بنانے میں اہم مدد ملے گی کیونکہ کامیاب ٹیم کی تشکیل کے لیے مسابقتی ڈومیسٹک کرکٹ ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل چیمپیئنز کپ: پی سی بی کا شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان، شاہین آفریدی سمیت 4کپتان مقرر
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کے روز نیشنل چیمپیئنز کپ کی ٹیموں اور شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ 50 اوورز پر مشتمل لسٹ اے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
7 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ پاکستان کے 2026-27 ڈومیسٹک سیزن کا آغاز ہوگا جبکہ تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوں گے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلیوز اور پاکستان گولڈ کی 4 ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ لیگ مرحلے کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں 18 اگست کو فائنل کھیلیں گی۔
مزید پڑھیے: ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پی سی بی نے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد 2027 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے تاکہ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سیزن سے قبل معیاری اور مسابقتی میچز کھیلنے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں اسی مقصد کے تحت یہ 4 ٹیموں کا ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا ہے۔
ہیسن نے بتایا کہ اس وقت وائٹ بال ٹریننگ کیمپ میں شریک کھلاڑی ڈومیسٹک سیزن کے آغاز پر اسی ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ان کے مطابق نیشنل چیمپیئنز کپ ایک اعلیٰ معیار کا مقابلہ ہوگا، جس میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور ہر کھلاڑی کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع حاصل ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی کرکٹرز کو زیادہ سے زیادہ لسٹ اے میچز فراہم کرنا ضروری ہے کیونکہ مسلسل مسابقتی کرکٹ ہی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہے اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو انگلینڈ کی کوچنگ کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا
مائیک ہیسن نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اپنے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ لسٹ اے میچز فراہم کریں۔ ہمارا چیلنج یہی ہے کہ انہیں بھرپور مواقع ملیں اور ہم اسی حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔
قومی وائٹ بال کوچ نے پاکستان ٹیم کی بڑی آئی سی سی ٹورنامنٹس میں کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پاکستان نے عالمی مقابلوں میں عمدہ کھیل پیش کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ ٹیم 2027 ورلڈ کپ میں بھی مضبوط مہم چلائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: ورلڈ کپ تیاریوں کے لیے سست وکٹوں پر تنقید مسترد، مائیک ہیسن کا دوٹوک مؤقف
انہوں نے قومی سلیکٹرز کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ چاروں ٹیموں میں متوازن اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں جبکہ انہیں یقین ہے کہ اس ٹورنامنٹ سے کئی ایسے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جو مستقبل میں قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔













