15 سالہ لڑکی پر مودی مخالف نعرے مہنگے پڑ گئے، مقدمے کے بعد ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنے پر مجبور

ہفتہ 1 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران نعرے لگانے والی ایک 15 سالہ لڑکی کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کے بعد اس کی معافی کی ویڈیو سامنے آگئی، جس نے اظہارِ رائے کی آزادی اور ریاستی کارروائی کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں لڑکی ہاتھ جوڑ کر کہتی ہے کہ وہ احتجاج کے دوران بعض افراد کے اثر میں آکر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نامناسب زبان استعمال کر بیٹھی۔ اس نے کہا کہ میں صرف 15 سال کی ہوں، مجھ سے غلطی ہوئی، میں پورے ملک سے معافی مانگتی ہوں، براہِ کرم مجھے معاف کر دیں۔

رپورٹس کے مطابق اگرچہ ابتدائی ایف آئی آر میں لڑکی کی عمر 25 سال درج کی گئی تھی، تاہم معافی کی ویڈیو میں اس نے اپنی عمر 15 سال بتائی ہے۔ ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

طالبہ کے خلاف شکایت نوئیڈا میں درج کرائی گئی، جس کے بعد پولیس نے زیرو ایف آئی آر درج کرکے مقدمہ نئی دہلی کے پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانے منتقل کر دیا۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لڑکی کے بیانات نے وزیر اعظم کے منصب کی توہین کی اور عوامی امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ پیدا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:مودی مخالف ویڈیوز پر میٹا انڈیا کے سربراہ کے خلاف مقدمہ درج

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ویڈیو پیغام میں احتجاج کے دوران اپنے خلاف نعرے لگانے والے نوجوانوں کو ’گمراہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ انتقامی رویہ اختیار کرنے کے بجائے انہیں درست راستہ دکھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گالیاں کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں اور وہ ذاتی طور پر ان نوجوانوں کو معاف کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک کم عمر طالبہ کے خلاف مقدمہ درج ہونا اور بعد ازاں اس کی معذرت کی ویڈیو سامنے آنا بھارت میں اختلافِ رائے، احتجاج کے حق اور حکومتی ردِعمل کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp