متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہییں، نئے صوبوں کے قیام کے لیے سب سے پہلے ایم کیو ایم نے آواز اٹھائی تھی۔ اس بحث کو غداری سے نہ جوڑا جائے بلکہ اس پر قومی سطح پر سنجیدہ مکالمہ ہونا چاہیے۔
پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ملکی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پاکستان ناقابلِ تقسیم وحدت ہے، جس کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام صوبوں میں بسنے والے پاکستانی ہمارے دلوں کے قریب رہتے ہیں، جبکہ دھرتی ماں کی حرمت اور ملک کی جغرافیائی حدود کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ذرہ ذرہ ہمیں عزیز ہے اور اس کی تقسیم کا تصور ممکن نہیں۔
نئے صوبے اور اختیارات کی منتقلی
ایم کیو ایم رہنما نے کہاکہ صوبوں کی تقسیم کا تقاضا ملک کا آئین کرتا ہے اور پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت ادھوری اور کھوکھلی ہے، جبکہ جمہوریت کے ثمرات ہر پاکستانی تک پہنچنے چاہییں۔
عوامی مسائل کے حل پر زور
خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ایسی جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں جس کا فائدہ عام آدمی کو نہ ہو، جبکہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کو بااختیار بنانا مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم سے ہی عوامی مسائل حل ہوں گے۔
قومی اتفاق رائے کی ضرورت
خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ پاکستان کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنا وقت کی ضرورت ہے، جبکہ ملک کی بہتری کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر قومی سطح پر سنجیدہ مکالمہ ہونا چاہیے۔













