کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینیئر رہنما غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کشمیری خود کو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں اور ہر کشمیری کی خواہش ہے کہ جب وہ دنیا سے رخصت ہو تو اسے پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کیا جائے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینیئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام محمد صفی نے کہا کہ ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔‘
ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔ ہر کشمیری چاہتا ہے کہ اسے پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپردِ خاک کیا جائے۔ ہندوستان غاصب ہے، جبکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک وکیل، فریق اور کشمیریوں کا ہمدرد ہے، حریت رہنما غلام محمد صفی pic.twitter.com/qHomJY2aiI
— WE News (@WENewsPk) August 4, 2026
انہوں نے کہاکہ بھارت ایک غاصب ریاست ہے جس نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، جبکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا وکیل بھی ہے، ایک فریق بھی اور کشمیری عوام کا مخلص ہمدرد بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہے اور ان کی جدوجہد کا مقصد حق خودارادیت کا حصول ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے، جس پر کشمیری عوام پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
غلام محمد صفی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں مل جاتا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہاکہ 5 اگست 2019 دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے اور عالمی برادری اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
امیر مقام نے کہاکہ یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہی مسئلہ کشمیر کا واحد پائیدار حل ہے۔














