امریکی ریاست مسوری کے علاقے ہاؤس اسپرنگز میں پڑوسیوں کے درمیان مبینہ تنازع خونی تصادم میں بدل گیا، جہاں ایک 73 سالہ شخص نے اپنی ہمسایہ خاتون اور ان کی 17 سالہ بیٹی کو گولیاں مار کر قتل کردیا، جبکہ پولیس کے پہنچنے پر خود کو بھی گولی مار لی۔
جیفرسن کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق یہ واقعہ 25 جولائی کو پیش آیا، جب 73 سالہ رابرٹ ونکل مین اپنے گھر سے نکل کر پڑوس میں رہنے والی 38 سالہ جیسیکا لاشلی کے گھر پہنچا اور وہاں ہونے والی سرگرمیوں پر اعتراض کرتے ہوئے ان سے بات کی۔
حکام کے مطابق جیسے ہی جیسیکا لاشلی نے اس کا جواب دیا، ملزم نے اچانک پستول نکال کر ان کے سر میں گولی مار دی۔
یہ بھی پڑھیے یونان میں اسکاٹش خاتون کے قتل کا معمہ حل، 26 سالہ افغان باکسر ملوث، پولیس کو اہم شواہد مل گئے
اسی دوران خاتون کی 17 سالہ بیٹی جرسی گریئر اپنی والدہ کو بچانے کے لیے آگے بڑھی تو ملزم نے اسے بھی سر میں گولی مار دی۔ پولیس کے مطابق ایک تیسرا شخص بھی اس وقت گھر میں موجود تھا، جس کا ملزم نے اسلحہ لہراتے ہوئے تعاقب کیا، تاہم وہ فائرنگ سے محفوظ رہا۔
شدید زخمی ہونے والی جیسیکا لاشلی اور جرسی گریئر کو اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن دونوں چند روز بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
پولیس جب ملزم رابرٹ ونکل مین کے گھر پہنچی اور اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔ وہ اسپتال میں دوران علاج ہلاک ہوگیا۔
تحقیقات کے مطابق اگر وہ زندہ رہتا تو اس پر فرسٹ ڈگری قتل کی 2 اور مسلح مجرمانہ کارروائی کی 2 دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جاتا۔
یہ بھی پڑھیے فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر لائیو ویڈیو موت میں بدل گئی، معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر قتل
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم شور شرابے کی شکایت کرنے کے لیے متاثرہ خاندان کے گھر گیا تھا۔ شیرف آفس کے ترجمان نے اس واقعے کو پڑوسیوں کے درمیان جاری تنازع کا نتیجہ قرار دیا۔
تفتیش کاروں کے مطابق رابرٹ ونکل مین کو کافی عرصے سے جیسیکا لاشلی کے گھر ہونے والی سرگرمیوں پر شدید اعتراضات اور ناراضی تھی۔














