بھارت: گجرات کا پراسرار کنواں ایک بار پھر توجہ کا مرکز، پانی خود بخود لہریں لینے لگا

جمعہ 7 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی ریاست گجرات کے ضلع موربی کے گاؤں ویرپارڈا میں ایک پراسرار کنواں ایک بار پھر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں کنویں کا پانی کسی ظاہری وجہ کے بغیر خود بخود حرکت کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنویں میں پانی کی غیر معمولی لہریں جمعرات کی سہ پہر قریباً 3 بجے دوبارہ نمودار ہوئیں۔ اس سے 2 روز قبل بھی ایسا ہی منظر دیکھا گیا تھا، جو کچھ دیر بعد رک گیا، تاہم بعد ازاں پانی میں پھر اچانک حرکت شروع ہو گئی۔

اس غیر معمولی واقعے کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں مقامی افراد کنویں کے اطراف جمع ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور لوگ اس کی مختلف وجوہات پر قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔

تاحال اس پراسرار حرکت کی کوئی سرکاری یا سائنسی وجہ سامنے نہیں آئی۔ بعض مقامی افراد کا خیال ہے کہ موربی زلزلہ خیز علاقے میں واقع ہے، اس لیے ممکن ہے یہ زیرِ زمین ارضیاتی سرگرمیوں کا نتیجہ ہو، تاہم حکام نے اس بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp