روسی فوج کو جولائی میں 42 ہزار 800 جانی نقصان، یوکرین پر ریکارڈ گلائیڈ بموں کی بارش

اتوار 9 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں جولائی کے دوران روسی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جبکہ ماسکو نے یوکرین کے خلاف ریکارڈ تعداد میں گلائیڈ بم اور میزائل استعمال کیے۔ دوسری جانب یوکرین نے بھی روس کے اندر تیل تنصیبات، فوجی اڈوں اور دیگر اہم مراکز پر ڈرون حملوں میں تیزی لائی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے دعویٰ کیا ہے کہ جولائی میں روسی فوج کے 42 ہزار 800 اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے، جو رواں سال کے دوران روسی نقصانات کی بلند ترین ماہانہ شرح ہے۔ تاہم جنگ میں دونوں جانب سے جاری کیے جانے والے جانی نقصان کے اعداد و شمار کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

رپورٹ کے مطابق یوکرینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روس نے جولائی میں تقریباً 8 ہزار 300 گلائیڈ بم استعمال کیے، جو جنگ کے دوران کسی ایک ماہ میں استعمال ہونے والے ان بموں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ یہ بم طیاروں سے داغے جانے کے بعد دور تک گلائیڈ کرتے ہوئے اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں اور بعض بموں میں تین ٹن تک دھماکا خیز مواد موجود ہوتا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق روس نے جولائی میں یوکرین کے مختلف شہروں اور تنصیبات پر 376 میزائل داغے، جن میں 120 بیلسٹک میزائل شامل تھے۔ یوکرین کے لیے بیلسٹک میزائلوں کو روکنا خاصا مشکل ثابت ہورہا ہے، جبکہ روسی حملوں میں بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی دباؤ پر یوکرین کا اہم تیل تنصیبات کو نشانہ نہ بنانے پر اتفاق

دوسری جانب یوکرین نے روس کے اندر اپنی ڈرون کارروائیوں میں اضافہ کیا۔ یوکرینی حکام کے مطابق 40 روزہ فضائی مہم کے دوران روس کی متعدد ریفائنریوں، تیل ذخائر، ٹرمینلز، فوجی تنصیبات اور ایئرفیلڈز کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرین کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں سے روس کی تقریباً ایک تہائی تیل صاف کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق روسی فوج کو بھاری جانی نقصان کے باوجود جولائی میں محدود علاقائی پیش قدمی حاصل ہوئی اور تقریباً 37.85 مربع کلومیٹر یوکرینی علاقے پر قبضہ کیا گیا۔

یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے روس کے خلاف فضائی کارروائیوں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے حملوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، جس سے جنگ میں مزید شدت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp