امریکا میں جنگلات کی آگ بجھاتے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، پائلٹ سمیت 2 افراد ہلاک

اتوار 9 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست یوٹاہ میں شدید جنگلات کی آگ پر قابو پانے کی کارروائی کے دوران فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور عملے کا ایک رکن ہلاک ہوگیا۔ حادثے کے باوجود آگ بجھانے کا آپریشن جاری ہے اور حکام کے مطابق آگ پر 24 فیصد قابو پایا جا چکا ہے۔

الجزیرہ اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حادثہ جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے رچ فیلڈ کے قریب تھری کریکس ریزروائر کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ہیلی کاپٹر وائیڈماؤتھ ٹو نامی جنگلاتی آگ بجھانے میں مصروف تھا۔

حادثے کا شکار ہونے والا سِکورسکی ایس-64 ’اسکائی کرین‘ ہیلی کاپٹر ہیلی کاپٹر ٹرانسپورٹ سروسز کے زیر انتظام تھا اور امریکی فارسٹ سروس کے لیے خدمات انجام دے رہا تھا۔

نیشنل انٹرایجنسی فائر سینٹر نے ہفتے کو دونوں اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شدید آگ اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ حادثے کے ایک روز بعد دونوں لاشیں نکال لی گئیں، تاہم حکام نے ہلاک ہونے والوں کے نام جاری نہیں کیے۔

یہ بھی پڑھیں:شادی کے چند گھنٹے بعد ہیلی کاپٹر حادثہ، دولہا ہلاک، دلہن زخمی

حکام نے علاقے کے رہائشیوں کے لیے انخلا کے احکامات اور بعض سڑکوں کی بندش بھی نافذ کر رکھی ہے۔ حادثے کے بعد فائر فائٹنگ ٹیموں نے مختصر وقفہ کیا، تاہم بعد میں آگ بجھانے کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔

وائیڈماؤتھ ٹو آگ 27 جولائی کو آسمانی بجلی گرنے سے فش لیک نیشنل فاریسٹ میں لگی تھی اور اب تک ایک لاکھ 11 ہزار ایکڑ سے زیادہ رقبہ متاثر ہوچکا ہے۔ حکام کے مطابق آگ پر 24 فیصد قابو پایا گیا ہے، تاہم آگ کی شدت اور تیز ہواؤں کے باعث قریبی آبادیوں کو اب بھی خطرہ ہے۔

یوٹاہ کے گورنر اسپینسر کاکس نے جنگلات کی آگ بجھانے کے عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات میں آگ پر قابو پانا دنیا کے خطرناک ترین کاموں میں شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp