بھارتی فضائیہ کا ونگ کمانڈر حساس دفاعی معلومات مبینہ طور پر پاکستان کو دینے کے الزام میں گرفتار

اتوار 9 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی فضائیہ کے 44 سالہ حاضر سروس ونگ کمانڈر کو حساس دفاعی معلومات اور خفیہ دستاویزات مبینہ طور پر پاکستانی انٹیلیجنس آپریٹو کو فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق افسر کو مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایک خاتون نے ہنی ٹریپ کیا، جس کے بعد اس نے حساس معلومات اور دستاویزات شیئر کیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ونگ کمانڈر کو 30 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم بھارتی پولیس نے اس کی گرفتاری کی تفصیلات تقریباً 50 روز بعد جاری کیں۔ افسر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا جبکہ دہلی پولیس نے 30 جولائی کو مقدمے کی تحقیقات مکمل کرکے متعلقہ عدالت میں چارج شیٹ بھی جمع کرا دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کی شکایت پر افسر کے خلاف آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ افسر کی سرگرمیوں پر نگرانی کی جارہی تھی اور بعد ازاں اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا گیا۔ خصوصی سیل اور مرکزی انٹیلیجنس اداروں کی مشترکہ تفتیش کے بعد اسے جون میں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ وہ اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فضائیہ کو بڑا دھچکا: تیجس جیٹ کے تیسرے حادثے کے بعد طیارے گراؤنڈ کردیے

ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ونگ کمانڈر کو رواں سال کے آغاز میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنا دوست بنایا۔ دونوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ اور محفوظ کمیونیکیشن ایپ کے ذریعے فون پر گفتگو ہوتی رہی۔

رپورٹ میں ایک بھارتی پولیس افسر کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ خاتون نے اعتماد حاصل کرنے کے بعد ونگ کمانڈر کو بھارتی دفاعی نظام سے متعلق خفیہ دستاویزات اور حساس معلومات تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے شیئر کرنے پر آمادہ کیا۔ خاتون نے مبینہ طور پر افسر سے اپنے ایک ساتھی کے موبائل فون میں ایک ایپ انسٹال کرنے کو بھی کہا، جس کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ وہ اسپائی ویئر یا ریموٹ ایکسس مالویئر کے طور پر فون کا ڈیٹا چوری کرنے اور مقام معلوم کرنے کے لیے استعمال ہوسکتی تھی۔

بھارتی حکام کے مطابق معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بھارتی فضائیہ کے انٹیلیجنس ونگ نے الیکٹرانک نگرانی کے دوران افسر کی سرگرمیوں کا سراغ لگایا۔ فضائیہ کی انٹیلیجنس ٹیم نے مبینہ سرگرمیوں سے متعلق شواہد دہلی پولیس کے خصوصی سیل کو فراہم کیے، جس کے بعد افسر کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا گیا۔

ہندوستان ٹائمز نے ایک اور بھارتی افسر کے حوالے سے بتایا کہ خصوصی سیل کی تحقیقات میں بظاہر یہ سامنے آیا ہے کہ ونگ کمانڈر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون پاکستان میں موجود مبینہ ہینڈلرز سے منسلک ہوسکتی ہے۔ بھارتی حکام نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ خاتون کسی بڑے جاسوسی نیٹ ورک کا حصہ ہوسکتی ہے جو بھارتی دفاعی نظام سے متعلق معلومات جمع کرنے میں ملوث ہو۔

تاہم بھارتی پولیس کے مطابق مقدمہ ابھی زیر سماعت ہے اور عدالت میں پیش کیے گئے الزامات ثابت ہونا باقی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بلوچستان کے ضلع سوراب میں امن و امان کے خدشات پر 15 اگست تک کرفیو نافذ

امریکا ایران سے محدود سطح پر مذاکرات کررہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران پبلک سروس کمیشن کے 7 ارکان کی تقرری، اپوزیشن کا اعتراض

میر رضا قتل کیس: سندھ حکومت کا تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ

مکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں اسلام آباد کے نیو بلیو ایریا میں شاندار آتش بازی، عوام کا جوش و خروش

ویڈیو

’اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے چنا ہے‘، مکہ دفاعی معاہدے پر اراکین پارلیمنٹ کا اظہار خیال

آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران اور عمان معاہدے کے قریب، تہران نے امریکی ناکہ بندی ختم کرنے کی شرط رکھ دی

اگر عام آدمی کا احتساب ہوتا ہے تو وزرا بھی قانون سے ماورا نہیں، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

کالم / تجزیہ

سب گل سڑ چکا ہے

فیض، سیالکوٹ اور کرکٹ

پرانی کتابوں کا اتوار بازار