نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سمیت علاقائی سیکیورٹی اور امریکہ و ایران کے بدلتے تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جس میں حال ہی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ پر خصوصیت سے بات کی گئی۔ اسحاق ڈار نے کینیڈین وزیر خارجہ کو اس معاہدے کے بنیادی نکات اور روح سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تینوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو کے دوران امریکا اور ایران کے تعلقات کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے علاقائی اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے مقبوضہ مشرقی یروشلم کی انتہائی حساس صورتحال کا معاملہ بھی اٹھایا اور حال ہی میں اردن میں منعقد ہونے والے ’یروشلم سے متعلق وزرائے خارجہ کے اجلاس‘ کے اہم پہلوؤں سے کینیڈین ہم منصب کو آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کینیڈین وزیر خارجہ کا ان کے حالیہ دورۂ پاکستان پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور مشترکہ مفادات پر مستقبل میں بھی قریب تر رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔














