’ایکس‘ پر کمائی کے لیے اب نیا نظام متعارف، کس کو فائدہ اور کس کو نقصان ہوگا؟

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ نے کریئیٹر ریونیو شیئرنگ پروگرام ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت صارفین کو اپنی پوسٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی میں حصہ دیا جاتا تھا۔

پلیٹ فارم کی جانب سے نئے صارفین کے لیے اس پروگرام میں رجسٹریشن 7 اگست 2026 سے بند کردی گئی ہے جبکہ موجودہ تخلیق کاروں کو پروگرام کے اختتام سے قبل آخری ادائیگیاں کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیویارک میں گروسری اسٹورز پر لڑائی، ایلون مسک نے ظہران ممدانی کو چور اور جھوٹا کیوں کہا؟

’ایکس‘ کے مطابق 7 ستمبر 2026 تک جمع ہونے والی آمدنی موجودہ پروگرام کے تحت ادا کی جائے گی اور اس کی آخری ادائیگی تقریباً 11 ستمبر کو متوقع ہے۔

پلیٹ فارم نے کریئیٹر ریونیو شیئرنگ پروگرام کی جگہ Original Content Rewards کے نام سے نیا پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا بنیادی مقصد تخلیق کاروں کو اصل اور منفرد مواد تیار کرنے پر مالی طور پر فائدہ پہنچانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اوپن اے آئی کی ایلون مسک سے لڑائی کیا ہے اور 10 لاکھ ڈالر کا ہرجانے کا مطالبہ کیوں کیا گیا؟

پروگرام ختم کرنے کی وجہ

’ایکس‘ کی ہیڈ آف کریئیٹرز الیگرا جیکیا کے مطابق موجودہ پروگرام کے مراعات کا نظام اپنے بنیادی مقصد سے ہٹ گیا تھا کیونکہ بعض صارفین دوسروں کے مواد کو دوبارہ استعمال کرکے آمدنی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے پروگرام کے ذریعے اصل مواد، تخلیقی صلاحیت اور منفرد کام کو زیادہ اہمیت دی جائے گی۔

نئے پروگرام میں کون شامل ہوسکے گا؟

Original Content Rewards پروگرام کے لیے درخواست دینے والے افراد کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کا ایسے ملک میں رہائش پذیر ہونا لازمی ہے جہاں پروگرام دستیاب ہو۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیس ایکس زمین کی مجموعی مالیت سے بھی زیادہ قیمتی ہوسکتی ہے، ایلون مسک کا دعویٰ

درخواست گزار کے پاس ’ایکس‘ کا پرسنل یا بزنس اکاؤنٹ، فعال Premium، Premium Business یا Premium Organizations سبسکرپشن اور کم از کم 500 تصدیق شدہ فالوورز ہونا ضروری ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ تین ماہ کے دوران کم از کم 50 لاکھ آرگینک امپریشنز حاصل کرنا اور ’ایکس‘ کے صارف معاہدے و کریئیٹر مونیٹائزیشن قوانین کی پابندی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔

کس مواد پر معاوضہ ملے گا

نئے پروگرام کے تحت اصل رپورٹنگ، تجزیوں، تبصروں، ویڈیوز، میمز، تصاویر، گرافکس اور دیگر تخلیقی مواد کو معاوضے کے لیے اہل قرار دیا جائے گا۔

تخلیق کاروں کی آمدنی ان کے اصل مواد پر حاصل ہونے والے اہل امپریشنز، مواد دیکھنے والے صارفین، مواد کی نوعیت اور بامعنی انگیجمنٹ سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر طے کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیس ایکس کے اے آئی فون کی آمد، ایلون مسک کیا کہتے ہیں؟

’ایکس‘ کے مطابق ادائیگیاں ہر دو ہفتے بعد کی جائیں گی جبکہ کم از کم ادائیگی 30 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

اہل تخلیق کاروں کو ادائیگی کے لیے Stripe اکاؤنٹ یا جہاں دستیاب ہو X Money Account منسلک کرنا ہوگا، جبکہ شناخت کی تصدیق بھی لازمی ہوگی۔

اے آئی سے تیار کردہ جنگی مواد پر سخت کارروائی

دوسری جانب ’ایکس‘ نے اے آئی سے تیار کردہ مسلح تنازعات سے متعلق ویڈیوز کے حوالے سے بھی قوانین سخت کردیے ہیں۔

پلیٹ فارم کے مطابق ایسے تخلیق کار جو اے آئی سے تیار کردہ جنگی ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں لیکن یہ واضح نہیں کرتے کہ مواد مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیا گیا ہے، انہیں 90 دن کے لیے کریئیٹر مونیٹائزیشن سے معطل کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک پاکستان کو شاباش دینے پر کیوں مجبور ہوئے؟

قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں تخلیق کار کو مستقبل میں ادائیگیوں کے حصول سے مستقل طور پر بھی محروم کیا جاسکتا ہے۔

یوں ’ایکس‘ نے نئے پروگرام کے ذریعے اصل اور تخلیقی مواد کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دوبارہ استعمال کیے گئے اور غیر واضح اے آئی مواد کے خلاف پالیسی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp