جنوبی کوریا: آنکھیں کھلتے ہی بچوں کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھلنے لگے، یہ رجحان کیوں بڑھ رہا ہے؟

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی کوریا میں والدین اپنے بچوں کے مالی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اب ان کے چلنا سیکھنے سے پہلے ہی سرمایہ کاری کے اکاؤنٹس کھلوانے لگے ہیں جہاں نومولود بچوں کے نام پر بروکریج اکاؤنٹس کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک تیر سے دو شکار: سیاح اب جنوبی کوریا صرف گھومنے نہیں جارہے، دوسرا اہم مقصد کیا ہے؟

سی این بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک کی سب سے بڑی بروکریج کمپنی میرے ایسٹ سیکیورٹیز کے مطابق ایک سال کے دوران ایک سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس کی تعداد تقریباً 3 گنا بڑھ کر جون میں 15 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

اسی طرح 9 سال سے کم عمر بچوں کے نئے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کی تعداد تقریباً 60 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 85 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ ان اعداد و شمار میں ایک ہی بچے کے نام پر موجود اضافی یا دہرائے گئے اکاؤنٹس شامل نہیں ہیں۔

یہ رجحان جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ میں مصنوعی ذہانت سے متعلق کمپنیوں کے حصص میں تیزی کے بعد مزید نمایاں ہوا ہے۔ والدین طویل مدتی دولت بنانے کے لیے اپنے بچوں کے نام پر سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں تاہم مقامی اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث بعض سرمایہ کار بیرون ملک سرمایہ کاری کے مواقع بھی تلاش کر رہے ہیں۔

بچوں کے لیے سرمایہ کاری کیوں؟

نرس کے طور پر کام کرنے والی لی ہائے وون نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر سمجھتے ہیں کہ بچوں کے لیے رقم کو صرف بچت یا بینک ڈپازٹ میں رکھنے کے بجائے طویل مدت کے لیے سرمایہ کاری کرنا زیادہ فائدہ مند ہے۔

مزید پڑھیے: دنیا کی مہنگی ترین طلاق، جنوبی کوریا کی اہم کاروباری شخصیت کو 944 ارب وون سابق اہلیہ کو ادا کرنے کا حکم

ان کے مطابق ان کے لیے سرمایہ کاری کی رقم سے زیادہ اہم یہ تھا کہ رقم کتنے عرصے تک سرمایہ کاری میں رہتی ہے۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے اپنے پہلے بچے کے لیے 4 سال کی عمر میں اکاؤنٹ کھولا جبکہ دوسرے بچے کی پیدائش کے فوراً بعد اس کے نام پر سرمایہ کاری اکاؤنٹ قائم کر دیا۔

خاندان ہر ماہ تقریباً 3 سے 4 لاکھ جنوبی کوریائی وون، یعنی تقریباً 210 سے 280 امریکی ڈالر، امریکی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز میں سرمایہ کاری کرتا ہے جن میں زیادہ تر وہ فنڈز شامل ہیں جو ایس اینڈ پی 500 انڈیکس کی پیروی کرتے ہیں۔

ایک اور والد لی جون ہائوک نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے فوراً بعد اس کے نام پر اکاؤنٹ اس لیے کھولا تاکہ اسے وقت اور مرکب منافع سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکے۔

وہ جنوبی کوریا کی سیمی کنڈکٹر صنعت اور امریکا میں مصنوعی ذہانت سے متعلق شعبوں کے حصص میں بھی چھوٹی لیکن باقاعدہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں جنہیں وہ مستقبل میں تیز رفتار ترقی کی صلاحیت رکھنے والا سمجھتے ہیں۔

دولت بنانے کے رجحان میں تبدیلی

ڈی پال یونیورسٹی کے معاشیات کے پروفیسر جے جون وو کے مطابق مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باوجود والدین اپنے بچوں کے لیے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھولتے رہیں گے جب تک جنوبی کوریا یا بیرون ملک ایکویٹی مارکیٹس میں سرمایہ کاری کو طویل مدت میں دولت بنانے کا قابل اعتماد ذریعہ سمجھا جاتا رہے گا۔

مزید پڑھیں: جنوبی کوریا میں میٹھی ’سوربت‘ میں کٹھاس کے لیے کالی چیونٹیوں کے استعمال پر ریسٹورنٹ کے مالک کو جیل

ان کے مطابق یہ رجحان جنوبی کوریا کے گھرانوں میں دولت رکھنے کے روایتی طریقے میں بتدریج لیکن اہم تبدیلی کی علامت بھی ہو سکتا ہے، کیونکہ وہاں طویل عرصے سے رئیل اسٹیٹ گھریلو دولت کا سب سے بڑا ذریعہ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوبی کوریا کے گھرانوں کی مجموعی دولت کا تقریباً 3 چوتھائی حصہ مادی اثاثوں، خصوصاً جائیداد میں جبکہ باقی مالی اثاثوں میں موجود ہے۔

ٹیکس مراعات بھی اہم وجہ

جنوبی کوریا میں جائیداد پر نسبتاً زیادہ کیپیٹل گین ٹیکس بھی بعض سرمایہ کاروں کو اسٹاک مارکیٹ کی جانب متوجہ کر رہا ہے۔

قومی ٹیکس سروس کے مطابق دو سال یا اس سے زیادہ عرصے تک رکھی گئی جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والے منافع پر ٹیکس کی شرح 6 سے 45 فیصد تک ہے جبکہ 2 سال سے کم مدت کے لیے رکھی گئی جائیداد پر یہ شرح 40 سے 70 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

اس کے مقابلے میں جنوبی کوریا میں لسٹڈ کمپنیوں کے حصص فروخت کرنے والے زیادہ تر عام سرمایہ کار کیپیٹل گین ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں البتہ بڑے حصص رکھنے والے سرمایہ کاروں پر مختلف قواعد لاگو ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: جنوبی کوریا میں شرحِ پیدائش میں معمولی اضافہ، حکومتی مراعات اور بدلتے رجحانات اہم سبب قرار

بچوں کے نام پر سرمایہ کاری میں تحفے کے ٹیکس سے متعلق سہولت بھی والدین کے لیے ایک اہم عامل ہے۔ حکومت کے قوانین کے مطابق والدین ہر 10 سال میں ایک نابالغ بچے کو 2 کروڑ وون تک کا تحفہ ٹیکس سے مستثنیٰ حد کے اندر دے سکتے ہیں۔

کچھ والدین اس رقم کو براہ راست بچوں کے نام پر اسٹاک اور دیگر مالی اثاثوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

ایک والدہ نے بتایا کہ ابتدا میں ان کی سب سے بڑی تشویش یہ نہیں تھی کہ بچے کے اکاؤنٹ سے کون سے حصص خریدے جائیں بلکہ یہ جاننا تھا کہ تحفے پر عائد ٹیکس کے قوانین کیسے لاگو ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے خود معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ٹیکس ماہر سے بھی مشورہ کیا۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ متوسط آمدنی والے زیادہ تر خاندانوں کے لیے بچوں کے نام پر اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی بنیادی وجہ ٹیکس بچانا نہیں بلکہ بچوں کی تعلیم اور مستقبل کے مالی تحفظ کے لیے رقم جمع کرنا ہے۔

بروکریج کمپنیاں بھی والدین کو متوجہ کر رہی ہیں

جنوبی کوریا کی آن لائن بروکریج کمپنی کاکاؤ پے سیکیورٹیز نے گزشتہ ماہ اعلان کیا کہ وہ اگلے سال پیدا ہونے والے ہر بچے کو ایک لاکھ وون مالیت کے حصص دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کمپنی کا مقصد اس اقدام کے ذریعے نئے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے۔

حکومت نے بھی بچوں کے لیے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھولنے کا عمل آسان بنایا ہے۔ 2023 میں مالیاتی حکام نے قواعد میں تبدیلی کرتے ہوئے والدین یا قانونی سرپرستوں کو اجازت دی کہ وہ اپنے بچوں کے لیے برانچ جانے کے بجائے اسمارٹ فون کے ذریعے دور بیٹھے ہی اکاؤنٹ کھول سکیں۔

ماہرین کے مطابق اس سہولت نے والدین کے لیے ایک بڑی عملی رکاوٹ ختم کر دی ہے، جبکہ اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو مزید آسان بنانے سے خاص طور پر وہ خاندان بھی سرمایہ کاری کی طرف آسکتے ہیں جو ہر ماہ معمولی رقم باقاعدگی سے لگانا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جنوبی کوریا میں نیند کا بحران، انوکھا مقابلہ توجہ کا مرکز بن گیا

تاہم ماہرین کے مطابق اکاؤنٹس کی تعداد میں اضافہ لازماً سرمایہ کاری کی مجموعی رقم میں اسی تناسب سے اضافے کا مطلب نہیں ہوگا کیونکہ اس کا زیادہ انحصار خاندان کی مالی استطاعت، مارکیٹ کی صورتحال اور ٹیکس سے متعلق عوامل پر رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

اوپن اے آئی نے نئے ماڈل پر سیکیورٹی پابندیاں سخت کردیں، خودکار سائبر حملوں کا خدشہ

روس، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مال بردار ریل سروس شروع کرنے پر کام جاری

روبوٹ کتے چاند پر پہرہ دیں گے، چین نے مستقبل کے قمری اڈوں کا منصوبہ پیش کردیا

وزیر خزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

چینی کمپنی کا دماغی پیوندکاری کا نیا طریقہ، صرف 10 منٹ میں عمل مکمل کرنے کا دعویٰ

ویڈیو

مسلم لیگ ن کو الٹی گنتی کی دھمکی دینے والی پیپلز پارٹی اب کیا سیاسی حکمت عملی اختیار کرے گی؟

آزاد کشمیر میں انتخابات کا تیسرا مرحلہ، پونچھ ڈویژن کے 4 حلقوں میں پولنگ جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

جشن آزادی پر قومی جذبے کا منفرد اظہار، معروف ایتھلیٹ جمال سید کی ’کے ٹو‘ سے اسکردو تک دوڑ

کالم / تجزیہ

حویلی آزاد کشمیر میں لگنے والے نعرے

سب گل سڑ چکا ہے

فیض، سیالکوٹ اور کرکٹ