کیا ایسی ٹی شرٹ ممکن ہے جسے روزانہ پہننے کے باوجود کئی ہفتوں تک دھونے کی ضرورت نہ پڑے؟ امریکی کپڑوں کی کمپنی ہرک لیون نے ایسی ہی ایک ٹی شرٹ متعارف کرانے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک ماہ سے زائد عرصے تک بغیر دھلائی کے تازہ رہ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ہم بھی فیشن کریں گے‘، ادیداس نے پالتو جانوروں کی سن لی، ماڈرن کلیکشن متعارف
کمپنی کی نئی ہرک شرٹ وی 5.0 سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ٹی شرٹ شدید استعمال کے باوجود بدبو پیدا نہیں کرتی اور اس کی خاص ٹیکنالوجی پسینے کے باعث پیدا ہونے والے جراثیم اور ناخوشگوار بو کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
ہرک لیون کا کہنا ہے کہ اس ٹی شرٹ کے کپڑے میں 7 خصوصی اجزا شامل کیے گئے ہیں جن میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ اور 2 خفیہ اجزا شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ اجزا صرف اوپر سے لگائے نہیں گئے بلکہ کپڑے کے ریشوں میں شامل کیے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق تانبہ بدبو پیدا کرنے والے جراثیم کی افزائش کو روکتا ہے جبکہ زنک پسینے سے پیدا ہونے والے تیز اثر رکھنے والے کیمیائی مرکبات کو غیر مؤثر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اسی طرح آتش فشانی راکھ نمی اور بیرونی بو کو جذب کرنے کا کام کرتی ہے۔
عام ٹی شرٹس سے زیادہ دیر چلنے کا دعویٰ
ہرک لیون کے مطابق ہرک شرٹ وی 5.0 کی قیمت 79 ڈالر (تقریباً 22 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی تاہم کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ عام ٹی شرٹس کے مقابلے میں زیادہ عرصہ استعمال کی جا سکتی ہے اور ایک ٹی شرٹ سات عام ٹی شرٹس کے برابر چل سکتی ہے۔
مزید پڑھیے: امریکی شہری نے ایک منٹ میں 32 ٹی شرٹس پہن کرعالمی ریکارڈ قائم کردیا
یہ ٹی شرٹ نومبر کے آغاز میں دستیاب ہونے کی توقع ہے اور ابتدائی طور پر اسے صرف سیاہ رنگ میں متعارف کرایا جائے گا، تاہم کمپنی نے بعد میں نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگ متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔
اگر کوئی صارف 79 ڈالر خرچ نہیں کرنا چاہتا تو کمپنی کے پاس کم قیمت آپشنز بھی موجود ہیں۔ 39 ڈالر والی ٹی شرٹ کے بارے میں دعویٰ ہے کہ وہ 3 دن کے بے تحاشہ استعمال کے بعد بھی تازہ رہتی ہے جبکہ معیاری ورژن کو دو ہفتوں تک بغیر دھوئے استعمال کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ماہرین کی نظر میں
کپڑوں میں جراثیم روکنے اور بدبو کم کرنے والی ٹیکنالوجی نئی نہیں تاہم ایک ماہ تک بغیر دھلائی کے تازہ رہنے کا دعویٰ کافی بڑا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسی مصنوعات میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی بدبو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے لیکن حقیقی کارکردگی کا انحصار موسم، پسینے کی مقدار اور استعمال کے حالات پر ہوگا۔
مزید پڑھیں: ہمیں ٹینک اور کمپیوٹر چِپس چاہییں، ٹی شرٹس یا موزے نہیں، ٹرمپ
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فیشن انڈسٹری میں کم دھلائی والے اور ماحول دوست کپڑوں کی مانگ بڑھ رہی ہے کیونکہ بار بار کپڑے دھونے سے پانی اور توانائی کا استعمال بھی زیادہ ہوتا ہے۔













