الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل صوبائی حکومت سے مشاورت کے لیے چیف سیکریٹری پنجاب کو مراسلہ ارسال کردیا۔
الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری مراسلے میں پنجاب حکومت کو صوبائی کابینہ کی مشاورتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، الیکشن کمیشن کی پیشرفت رپورٹ جاری
مراسلے کے مطابق کمیٹی الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 219(3)، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی دفعہ 59 اور پنجاب لوکل گورنمنٹ (الیکشن) رولز 2026 کے قاعدہ 5(1) کے تحت تشکیل دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ مشاورتی اجلاس سے قبل صوبائی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے معاملے پر کمیشن اور صوبائی حکومت کے درمیان مشاورت کی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں 20 اگست 2026 کو صبح 11 بجے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت سے درخواست کی ہے کہ تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے ارکان کو مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی جائے۔













