شاہین آفریدی نے 2027 ورلڈ کپ تک کپتانی سے متعلق سوال کا جواب دے دیا

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے  آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 تک اپنی کپتانی برقرار رہنے سے متعلق سوال پر کہا ہے کہ فی الحال وہ قومی ٹیم کے کپتان ہیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں نیشنل چیمپیئنز کپ کی ٹرافی تقریب کے موقع پر دیگر ٹیموں کے کپتانوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں 2027 ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رہنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’ابھی کے لیے میں کپتان ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا پریمیئر لیگ میں پاکستان کے 2 نئے اسٹار کرکٹرز کی انٹری، شاہین آفریدی دستبردار

پاکستان گولڈ کی قیادت کرنے والے شاہین آفریدی نے کہا کہ نیشنل چیمپیئنز کپ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اہم ثابت ہوگا، کیونکہ بڑے ایونٹس کے دوران انجریز کا سامنا رہتا ہے اور اس ٹورنامنٹ سے متبادل کھلاڑیوں کا پول تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ورلڈ کپ سے قبل کسی کھلاڑی کو انجری کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس ٹورنامنٹ کی بدولت ٹیم کے پاس پہلے سے تیار کھلاڑی موجود ہوں گے۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ کھلاڑیوں کو اپنی پوزیشن کے مطابق کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کرے گا، جبکہ کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے ساتھ ساتھ فٹنس اور ٹیم کے لیے دستیاب آپشنز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی نے تاریخ رقم کر دی، ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی توجہ 2027 ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور آنے والے دنوں میں کھیلی جانے والی کرکٹ کے لیے یہ ٹورنامنٹ بہت اہمیت رکھتا ہے۔

نیشنل چیمپئنز کپ کا آغاز 11 اگست سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جس میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلیوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ سنگل لیگ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، جس کے بعد لیگ مرحلے کی سرفہرست دو ٹیمیں 18 اگست کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

ٹرافی کی رونمائی تقریب میں چاروں ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے، جن میں پاکستان گولڈ کے شاہین شاہ آفریدی، پاکستان بلیوز کے صاحبزادہ فرحان، پاکستان وائٹس کے صائم ایوب جبکہ پاکستان گرینز کی نمائندگی فہیم اشرف نے کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp