’لیہ میں 8500 روپے بہت بڑی رقم ہے، پورا مہینہ گھر باآسانی چل جاتا ہے‘، ن لیگی ایم پی اے

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ن لیگی ایم پی اے سمیعہ شہانی کے 8500 روپے سے متعلق بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ سمیعہ شہانی کا کہنا تھا کہ لیہ میں 8500 روپے ایک بہت بڑی رقم ہے اور وہاں مڈل کلاس لوگ اسی رقم میں پورا مہینہ گھر چلا لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیہ میں مہنگائی کی شرح کم ہے اور وہاں لوگ برانڈ کانشس نہیں، تاہم ان کا اپنا گھر 8500 روپے میں نہیں چل سکتا۔

ایم پی اے کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’انہیں جھوٹ بولتے ہوئے خود بھی شرم نہیں آتی‘‘، جبکہ کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر عام لوگوں کا گھر 8500 روپے میں پورا مہینہ چل سکتا ہے تو ان کا اپنا گھر اسی رقم میں کیوں نہیں چل سکتا؟

قومی اقتصادی سروے 2025-26 میں بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 8 ہزار 483 روپے کمانے والا شہری غربت کی لکیر سے اوپر شمار کیا جاتا ہے، جو کہ 30.5 امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی سروے اور غربت کی شرح، عام آدمی کہاں کھڑا ہے؟

سروے کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو بڑھ کر 28.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح ہر 100 میں سے تقریباً 29 شہری خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں مجموعی غربت کی شرح میں 2018-19 کے بعد دوبارہ اضافہ دیکھا گیا ہے، جب یہ شرح 21.9 فیصد تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp