سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کی فتح نے جہاں ٹیم کو سیریز میں کلین سویپ سے بچنے میں مدد دی وہیں کئی پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی سی سی ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل پلیئر رینکنگ میں بھی نمایاں بہتری ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فاطمہ ثنا کی عالمی کرکٹ میں دھوم، کینیڈا سپر 60 کی فرنچائز سے معاہدہ
پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی کامیابی بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرا سندھو نے حاصل کی جو دمبولا میں سیریز کے تیسرے میچ میں 17 رنز دے کر ایک وکٹ لینے کے بعد ٹی20 بولرز کی عالمی رینکنگ میں ایک درجے بہتری کے ساتھ 8ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
نشرا سندھو سیریز کے دوران پاکستان کی جانب سے گیند کے ساتھ مسلسل عمدہ کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں میں شامل رہیں۔ انہوں نے 3 میچوں میں مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کیں اور ان کا اکانومی ریٹ 6.72 رہا۔
پاکستان کی ایک اور اسپنر طوبیٰ حسن نے بھی رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی اور 3 درجے اوپر آ کر 48ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتھاپتھو بولرز کی رینکنگ میں سب سے زیادہ بہتری حاصل کرنے والی کھلاڑی رہیں جو 5 درجے ترقی کرکے 36ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔
بیٹنگ کی تازہ ٹی20 رینکنگ میں بھی سری لنکا کی امیشا دلانی نے ایک درجہ بہتری حاصل کرتے ہوئے 22ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
امیشا دلانی کو پاکستان کے خلاف تین میچوں میں شاندار کارکردگی پر سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے 3 میچوں میں 123 رنز بنائے اور ان کی بیٹنگ اوسط 61.50 رہی۔
مزید پڑھیے: فاطمہ ثنا کا ایک اور سنگ میل: صرف 15 گیندوں پر نصف سینچری بناکر ٹی 20 کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
سیریز کے دوران امیشا دلانی سے زیادہ رنز صرف پاکستان کی شوال ذوالفقار نے بنائے۔ 21 سالہ شوال ذوالفقار نے 3 میچوں میں مجموعی طور پر 132 رنز اسکور کیے جس کے نتیجے میں وہ تازہ ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں 3 درجے بہتری کے ساتھ 49ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
سری لنکا کی کویشا دلہاری بھی ٹی20 آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں ایک درجہ بہتری حاصل کرکے 13ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
25 سالہ کویشا دلہاری سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر رہیں۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں بھی 2 وکٹیں حاصل کیں، جس سے رینکنگ میں ان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی۔
پاکستان نے آخری ٹی20 میچ جیت کر سیریز میں وائٹ واش سے تو خود کو بچا لیا تاہم سری لنکا نے 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔
مزید پڑھیں: گل فیروزہ، سدرہ امین اور نشرہ سندھو کی شاندار کارکردگی، پاکستان نے سری لنکا کیخلاف پہلا ون ڈے جیت لیا
تازہ آئی سی سی رینکنگ اس سیریز کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے دکھائی جانے والی انفرادی عمدہ کارکردگی کی بھی عکاسی کرتی ہے۔














