بھارت میں ایک بزرگ خاتون کو دو سال قبل بس میں گم ہونے والی رقم اور اہم طبی دستاویزات اس وقت واپس مل گئیں جب ایک ایماندار بس کنڈکٹر نے طویل عرصے تک ان کے اصل مالک کو تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2024 میں خاتون اپنا بیگ بس میں بھول گئی تھیں۔ بیگ میں 24 ہزار بھارتی روپے نقد رقم کے علاوہ اہم طبی دستاویزات بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: گرین بس میں موبائل چوری، ڈرائیور نے دروازے بند کرکے بس تھانے پہنچا دی، چور گرفتار
خاتون کو کئی برس تک یہی یقین رہا کہ ان کا بیگ، رقم اور دستاویزات ہمیشہ کے لیے گم ہوچکے ہیں تاہم بس کنڈکٹر نے بیگ ملنے کے بعد اسے واشیم بس ڈپو کی انتظامیہ کے حوالے کردیا تھا۔
بس کنڈیکٹر نے سامان حکام کے حوالے کرنے کے باوجود اس کے اصل مالک کی تلاش ترک نہیں کی اور تقریباً دو سال تک خاتون کو تلاش کرتے رہے تاکہ ان کا سامان واپس کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چلتی گاڑی سے بکرا چوری، حیران کن واردات کی ویڈیو وائرل
قسمت نے بالآخر دونوں کو دوبارہ ایک ہی بس روٹ پر ملا دیا۔ خاتون اسی بس میں سفر کر رہی تھیں جہاں راجو وانی بطور کنڈکٹر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ وانی نے خاتون کو پہچان کر ان کا بیگ، رقم اور طبی دستاویزات ان کے حوالے کردیں۔
دو سال بعد اپنی گمشدہ رقم اور ضروری دستاویزات واپس ملنے پر خاتون خوشی سے نہال ہوگئیں اور انہوں نے کنڈیکٹر کی ایمانداری اور فرض شناسی کو سراہا۔
خاتون نے کنڈکٹر کی دیانت داری کے اعتراف میں انہیں 1100 بھارتی روپے بطور انعام بھی دیے۔ راجو وانی کی اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے اور واقعے نے ایمانداری اور دیانت داری کی ایک قابلِ تقلید مثال قائم کردی ہے۔













