چین میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں (این ای وی) کی فروخت جولائی 2026 میں پہلی بار ماہانہ نئی گاڑیوں کی مجموعی فروخت کے 60 فیصد سے تجاوز کرگئی۔
چائنا ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے مطابق جولائی میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار 15 لاکھ 70 ہزار جبکہ فروخت 15 لاکھ 60 ہزار یونٹس رہی، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں بالترتیب 26.8 اور 23.7 فیصد زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں:ہونڈا اٹلس کا پاکستان کی الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں فوری اینٹری سے انکار، وجہ کیا ہے؟
جولائی میں خالص برقی گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت دونوں 10 لاکھ یونٹس سے تجاوز کرگئیں اور سالانہ بنیاد پر 30 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران چین میں این ای وی کی پیداوار 90 لاکھ 10 ہزار اور فروخت 90 لاکھ یونٹس رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں قریباً 10 فیصد زیادہ ہے۔ اس عرصے میں مجموعی نئی گاڑیوں کی فروخت میں این ای وی کا حصہ بھی 50 فیصد سے تجاوز کرگیا۔
جولائی میں چین کی مجموعی گاڑیوں کی پیداوار 25 لاکھ 70 ہزار جبکہ فروخت 25 لاکھ 80 ہزار یونٹس رہی، جس میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر معمولی کمی ہوئی۔
China’s new-energy vehicle (#NEV) sales in July accounted for more than 60 percent of the monthly new car sales for the first time, while the cumulative share for the first seven months also surpassed 50 percent. pic.twitter.com/5a3rZ12lva
— Wang Yu 王愚 (@CGSyd_WangYu) August 13, 2026
ماہرین کے مطابق جولائی روایتی طور پر گاڑیوں کی فروخت کے لیے سست مہینہ ہوتا ہے، جبکہ شدید گرمی، بعض علاقوں میں طوفان اور سیلاب اور سال کی پہلی ششماہی میں طلب پوری ہوجانے کے باعث بھی فروخت متاثر ہوئی۔
چین کی گاڑیوں کی برآمدات نے جولائی میں بھی مضبوط رفتار برقرار رکھی اور 10 لاکھ 40 ہزار یونٹس سے تجاوز کرگئیں، جو سالانہ بنیاد پر 81.3 فیصد اضافہ ہے۔ ان میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی برآمدات 5 لاکھ 53 ہزار یونٹس رہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا زیادہ ہیں۔
جنوری سے جولائی تک چین نے مجموعی طور پر 61 لاکھ 40 ہزار گاڑیاں برآمد کیں، جن میں 29 لاکھ 10 ہزار این ای وی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال تیل کی بلند قیمتوں نے روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کی لاگت بڑھائی، جس سے نئی توانائی کی گاڑیوں کی جانب صارفین کا رجحان مزید مضبوط ہوا۔
مزید پڑھیں:بلوچستان حکومت کا الیکٹرک گاڑیوں پر 100 فیصد ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ
چین میں جون کے اختتام تک برقی گاڑیوں کے لیے چارجنگ سہولیات کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ 60 ہزار تک پہنچ گئی، جو سالانہ بنیاد پر 43.2 فیصد زیادہ ہے۔
چین نے 2026 سے 2030 تک کے 15ویں 5 سالہ منصوبے کے دوران 2030 تک مجموعی گاڑیوں کے بیڑے میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔













