پاکستان کے ٹینس اسٹارز اعصام الحق قریشی اور عقیل خان نے پرتگال کے شہر لزبن میں جاری آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ انفرادی چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مینز 45 پلس ڈبلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ سے محبت کرنے والے ملک کا ’اکلوتا ٹینس اسٹار‘ اعصام الحق کا پروفیشنل سفر ختم
پاکستانی جوڑی نے کوارٹر فائنل میں خطرناک ہسپانوی جوڑی فرانسسکو خاویر مارٹینیز بائنا اور پیڈرو نیئتو اوریلانا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔
مشہور جیمور ٹینس سینٹر کے کورٹ نمبر ایک پر کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور عقیل خان نے پہلا سیٹ 6-7 سے ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے دوسرا سیٹ ٹائی بریک پر 7-6 سے جیتا جبکہ فیصلہ کن میچ ٹائی بریک میں پاکستانی جوڑی نے 10-2 سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
مقابلے کے دوران پاکستانی جوڑی ایک موقع پر شکست کے قریب پہنچ گئی تھی۔ ہسپانوی کھلاڑی دوسرے سیٹ میں ایک بریک کی برتری حاصل کرچکے تھے اور بعد ازاں انہیں دو میچ پوائنٹس بھی ملے تاہم تجربہ کار اعصام اور عقیل نے دباؤ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دونوں میچ پوائنٹس بچالیے اور مقابلہ ٹائی بریک تک لے گئے۔
دوسرا سیٹ جیتنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے فیصلہ کن میچ ٹائی بریک میں مکمل برتری حاصل کرلی اور صرف 2 پوائنٹس کے مقابلے میں 10 پوائنٹس حاصل کرکے یادگار کامیابی اپنے نام کی۔
جاپانی جوڑی کو بھی شکست دے چکے
اس سے قبل ٹورنامنٹ میں اعصام الحق اور عقیل خان نے جاپان کی مضبوط جوڑی ہایاتو اوتسوبو اور منابو تسوجیموتو کو بھی تین سیٹوں کے مقابلے میں شکست دی تھی جس سے لزبن میں ان کی عمدہ فارم کا اندازہ ہوتا ہے۔
مزید پڑھیے: قومی ٹینس اسٹار اعصام الحق کا اپنے آخری ٹورنامنٹ میں نیا سنگ میل
پاکستانی جوڑی اب سیمی فائنل میں یوکرین کی جوڑی کا سامنا کرے گی جہاں ان کی نظریں فائنل میں جگہ بنانے پر ہوں گی۔
مکسڈ ڈبلز میں بھی دونوں پاکستانی سیمی فائنل میں
پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ کا منگل کا دن بھی انتہائی کامیاب رہا جب اعصام الحق اور عقیل خان نے اپنے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 40 پلس مکسڈ ڈبلز کے سیمی فائنل میں بھی جگہ بنالی۔
عقیل خان نے جرمنی کی ایلین ارا ناس روتھ کے ساتھ جوڑی بنائی اور پرتگال کی کترینہ اور ژواو فریرا کی جوڑی کے خلاف پہلا سیٹ 4-6 سے ہارنے کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے دوسرا سیٹ 7-6 سے جیتا۔
فیصلہ کن میچ ٹائی بریک میں عقیل اور ارا ناس روتھ نے 10-4 سے کامیابی حاصل کرکے آخری چار کھلاڑیوں میں جگہ بنالی۔
دوسری جانب اعصام الحق نے آسٹریا کی نینا ہرمان کے ساتھ مل کر جرمنی کی کترینہ راتھ اور تھامس برگ مائسٹر کی جوڑی کو نسبتاً آسان مقابلے میں 6-2، 6-4 سے شکست دی اور سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
اس طرح پاکستان کے دونوں نمایاں ٹینس کھلاڑی اب مینز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز دونوں مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: ثانیہ مرزا کا پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کے لیے خصوصی پیغام، ویڈیو میں کیا کہا؟
لزبن میں جاری عالمی چیمپیئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ کارکردگی اس وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان اس سے قبل مینز 45 پلس ورلڈ ٹیم چیمپیئن شپ میں سلور میڈل بھی حاصل کرچکا ہے۔













