آزاد کشمیر الیکشن:ایل اے 15 میں پیپلز پارٹی، ایل اے 16 میں مسلم لیگ (ن) کامیاب

ہفتہ 15 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کے باغ ڈویژن کے دونوں حلقوں کے ضمنی انتخابی نتائج سامنے آگئے، حلقہ ایل اے 15 باغ 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر جبکہ ایل اے 16 باغ 3 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار میر اکبر خان کامیاب ہوگئے۔ ایل اے 15 کے 9 اور ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بعد دونوں حلقوں کے نتائج مکمل ہوگئے۔

حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی، جس میں پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر نے اپنے قریب ترین حریف مسلم لیگ (ن) کے راجا مشتاق منہاس پر 1900 ووٹوں کی برتری حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے ن لیگ کا اجلاس ختم، اہم فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا

دوبارہ پولنگ سے قبل دستیاب نتائج کے مطابق سردار ضیا القمر 16 ہزار 637 ووٹ لے کر پہلے، راجا مشتاق منہاس 15 ہزار 15 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور جماعت اسلامی کے امیدوار بریگیڈیئر (ر) راجا محمد خان 12 ہزار سے زائد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر تھے۔ حلقے کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 5 ہزار 32 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

دوسری جانب حلقہ ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر بھی دوبارہ پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار میر اکبر خان نے 20 ہزار 793 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان خان دوسرے نمبر پر رہے۔

اس حلقے میں دوبارہ پولنگ سے قبل سردار میر اکبر 18 ہزار 950 ووٹ کے ساتھ پہلے اور سردار قمر الزمان خان 15 ہزار 750 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے۔ ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 7 ہزار 238 ووٹرز ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔

یوں باغ کے دونوں حلقوں میں دوبارہ پولنگ کے بعد ایک نشست پاکستان پیپلز پارٹی اور ایک مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp