عراق میں کرپشن کے ایک بڑے مقدمے میں حکام نے 2 کروڑ ڈالر سے زائد نقد رقم، 60 کلوگرام سونا اور متعدد گاڑیاں برآمد کرلی ہیں۔ یہ کارروائی معطل نائب وزیرِ تیل برائے ریفائننگ امور عدنان الجمیلی اور دیگر افراد کے خلاف جاری تحقیقات کے دوران کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے سابق بس ڈرائیور کے گھر چھاپہ، ساڑھے 5 کروڑ روپے نقد اور 15 کلو سونا برآمد
عراق کی مرکزی انسداد بدعنوانی فوجداری عدالت کے تفتیشی جج ضیاء جعفر نے اتوار کو بتایا کہ کردستان ریجن کے تعاون سے حکام نے 20.34 ملین ڈالر، 20 کروڑ عراقی دینار، 7 گاڑیاں اور 60 کلوگرام سونے کے زیورات قبضے میں لیے ہیں۔
جج کے مطابق یہ ضبطی ان تحقیقات کا حصہ ہے جن میں عدنان الجمیلی اور دیگر افراد پر مبینہ طور پر بدعنوانی کے ایک منصوبے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی جانب سے مختلف منصوبوں میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور قومی وسائل کے ضیاع سے حاصل کیے گئے اثاثوں کی بازیابی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیے حسینہ واجد کے بینک لاکرز سے برآمد ہونے والا 10 کلو سونا ضبط
ضیاء جعفر نے کہا کہ مقدمے کی تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئیں اور حکام دیگر مشتبہ افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے مزید شواہد اور معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔














