وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کمیٹی کا اجلاس، قومی بجلی منصوبے میں ترامیم کی منظوری

منگل 18 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

توانائی کمیٹی نے قومی بجلی منصوبے میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، جس میں نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2027-2023 میں ترامیم اور مربوط توانائی پلان 2060-2027 کے اعلیٰ سطحی ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم منظور کر لیں، ریفائنریز کی اپ گریڈیشن ناگزیر قرار

اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2027-2023 میں ترامیم پیش کی گئیں، جن کا مقصد توانائی کے شعبے میں مربوط منصوبہ بندی، بجلی کی پیداوار میں اضافہ، دور دراز علاقوں میں قابل تجدید ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کی فراہمی اور بجلی کی سرحد پار تجارت کو فروغ دینا ہے۔

ترامیم میں بجلی کے ترسیلی نظام میں توسیع، نرخوں کے ڈیزائن، بجلی کی بچت، نظام اور مارکیٹ کے امور، خطرات کی نشاندہی اور انتظامی معاملات کے علاوہ ایندھن اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مقامی استعداد بہتر بنانے، تحقیق و ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق امور بھی شامل ہیں۔

کابینہ کمیٹی نے ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس حوالے سے حکومت خیبر پختونخوا اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے مزید مشاورت بھی کی جائے۔

اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کیے گئے مربوط توانائی پلان 2060-2027 کے اعلیٰ سطحی ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی۔ منصوبے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے علاوہ دیگر متعلقہ فریق بھی شامل ہوں گے۔

مربوط توانائی پلان کا مقصد توانائی کے تحفظ اور بجلی و توانائی کے شعبے میں معاشی مسابقت کو یقینی بنانا ہے۔ منصوبے کے تحت صنعتی اور گھریلو صارفین کو مناسب قیمتوں پر بجلی فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سولر بجلی کی استعداد 38 ہزار میگاواٹ کے قریب، 2035 تک 90 فیصد صاف توانائی کا ہدف، اویس لغاری

اس کے علاوہ کم کاربن اخراج والی توانائی اور بجلی کی پیداوار، ماحول دوست ذرائع اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے توانائی کے وسائل کے فروغ پر بھی توجہ دی جائے گی۔

کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو پاور ڈویژن کی جانب سے مالی سال 2026-2025 کے دوران پاور سیکٹر کے گردشی قرضے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

پیٹرولیم ڈویژن نے بھی کمیٹی کو مالی سال 2026-2025 کے دوران گیس سیکٹر کے گردشی قرضے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp