قومی باکسر فاطمہ زہرا کی شاندار کامیابی، رانا ثنااللہ نے انعامی چیک اور تعریفی سند سے نواز دیا

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی قومی باکسر فاطمہ زہرا کے لیے بڑا اعزاز دیا گیا ہے۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر فاطمہ زہرا کو 20 لاکھ روپے کا چیک اور تعریفی سند پیش کی۔

مزید پڑھیں: فائنل میں نہ پہنچ سکنے کے باوجود باکسر فاطمہ زہرا نے تاریخ رقم کردی، کامن ویلتھ گیمز میں تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں

اعلامیہ کے مطابق فاطمہ زہرا کامن ویلتھ گیمز میں باکسنگ کے میدان میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر ہیں۔

اس موقع پر سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہاکہ فاطمہ زہرا پوری قوم کے لیے فخر اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مشیر وزیراعظم نے کہاکہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: محدود وسائل میں عائشہ بلوچ نے بھارت کو کیسے چت کیا؟ باکسر کی متاثر کن کہانی

رانا ثنااللہ نے کہاکہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کے ہر بچے اور نوجوان کو کھیلوں کے محفوظ اور قابلِ رسائی مواقع میسر ہوں۔

انہوں نے کہاکہ فاطمہ زہرا کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی بیٹیاں عالمی کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp