وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کو سہولت فراہم کرنے اور لاکھوں تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے ’ریٹیلر اسکیم ایپ‘ باضابطہ طور پر متعارف کرا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا ٹیکس دہندگان کے حق میں اہم فیصلہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بدھ کو وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایپ کے اجرا کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایپ مشاورت کے عمل کے بعد تیار کی گئی ہے تاکہ دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنایا جاسکے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اگر ملک کا کوئی بھی طبقہ قومی دھارے میں شامل نہ ہو تو ٹیکس نظام مؤثر طریقے سے کام نہیں کرسکتا اور حکومت اس کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی ٹیکس اسکیم کو آسان اور اختیاری رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق چھوٹے ریٹیلرز اگر چاہیں تو اس اسکیم کے بجائے معمول کے ٹیکس نظام میں بھی شامل رہ سکتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ نئی اسکیم میں دکانداروں کے لیے کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ چھوٹے ریٹیلرز اور دیگر کاروباری طبقات کے درمیان واضح فرق برقرار رکھا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام کو آسان بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
موبائل ایپ کے ذریعے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی سہولت
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ خاص طور پر ان دکانداروں کے لیے بھی تیار کی گئی ہے جو ابھی تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے دکاندار فائلر بن سکیں گے جبکہ چھوٹے تاجروں کو موبائل فون ایپ کے ذریعے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی سہولت حاصل ہوگی۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق اس اسکیم کے تحت ریٹیلرز کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) نظام سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ چھوٹے دکانداروں کو سالانہ کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے تک یہ ایپ مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی۔
مزید پڑھیے: پنجاب: لینڈ مافیا کی چالبازی کا توڑ، دیہی ہاؤسنگ اسکیمز بھی ٹیکس نیٹ میں شامل
وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ اگر یہ اسکیم کامیاب رہی تو اس کے ذریعے لاکھوں تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جاسکے گا جس سے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
چھوٹے تاجروں کے لیے مقررہ ٹیکس اسکیم
اس سے قبل جون میں حکومت نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے چھوٹے ریٹیلرز کے لیے مقررہ ٹیکس اسکیم متعارف کرائی تھی۔
اس اسکیم کے تحت ایسے ریٹیلرز جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ روپے تک ہے ان پر ایک فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
اسکیم کے مطابق اہل دکاندار ایک صفحے پر مشتمل ڈیکلریشن فارم جمع کرا کے آسان مقررہ ٹیکس نظام میں شامل ہوسکیں گے جس کے تحت انہیں اپنے سالانہ کاروباری حجم کے ایک فیصد کے حساب سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
اس اسکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل نظام کی پابندی، معمول کے ٹیکس آڈٹ اور ودہولڈنگ ایجنٹ کی ذمہ داریوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
مزید پڑھیں: شعبہ زراعت اور ریئل اسٹیٹ کو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں لانا کیوں ضروری ہے؟
تاہم بجلی کے بلوں اور دیگر ذرائع سے پہلے ہی وصول کیے جانے والے ودہولڈنگ ٹیکس کو ان کی ٹیکس ذمہ داری میں ایڈجسٹ کیا جاسکے گا۔














