ڈی ایچ اے اسلام آباد اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کے درمیان تعلیمی شعبے میں اہم اشتراک کے تحت اسلام آباد میں آئی بی اے کراچی کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
تقریب میں ڈی ایچ اے اسلام آباد، راولپنڈی اور آئی بی اے کراچی کے اعلیٰ تعلیمی حکام، منتظمین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی بی اے کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے کیمپس کا قیام ادارے کی تعلیمی رسائی کو مزید وسعت دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہونہار اسکالرشپ کے لیے کونسی دستاویزات درکار ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیمپس کے ذریعے وفاقی دارالحکومت، راولپنڈی، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ کیمپس میں جدید تعلیمی سہولیات کے ساتھ طلبہ کی عملی اور پیشہ ورانہ تربیت پر بھی توجہ دی جائے گی۔
تقریب میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں آئی بی اے کراچی کیمپس کا قیام اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ کیمپس میں جدید تعلیمی بلاک، تحقیقاتی مرکز، کتب خانہ اور آڈیٹوریم سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ طلبہ کے لیے کھیلوں اور رہائش کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔
ڈاکٹر ایس اکبر زیدی کے مطابق آئی بی اے کراچی مستقبل کی قیادت تیار کرنے، انسانی سرمائے کو فروغ دینے اور تحقیق و جدت کے میدان میں اپنا کردار مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیمپس صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں ہوگا بلکہ ملک کے مستقبل کے قائدین کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی طلبا کے لیے کونسی اسکالرشپس دستیاب ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ آئی بی اے کراچی کے تعلیمی اثرات کو ملک کے دیگر علاقوں تک پہنچانے کے لیے تعاون اور شراکت داری کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ تعلیمی اور صنعتی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے سے طلبہ کو عملی میدان میں بھی بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
آئی بی اے کراچی کے مطابق اسلام آباد کیمپس کے قیام سے دارالحکومت اور شمالی پاکستان کے طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم تک رسائی حاصل ہوگی اور تحقیق، علم، قیادت سازی اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔














