نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصرالدین اسماعیل سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں دوطرفہ امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے درمیان رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے بالخصوص تجارت اور معیشت، باہمی قانونی معاونت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کا ترک وزیر خارجہ سے رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری تجارت جواد پال، وفاقی سیکریٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر علی احمد اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔














